• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


یوم استحصال کشمیر کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ایک بینر آویزاں ہے۔ بینر پر تحریر کیا گیا ہے کہ مودی امن کو تباہ کرنے والا ہے۔

ساتھ میں یہ بھی لکھا ہے کہ اگر آپ اس سے متفق ہیں تو گزرتے ہوئے ہارن بجائیں۔

 واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے 5 اگست کے اقدام کو آج 2 برس مکمل ہونے پر آج ملک بھر میں یومِ استحصالِ کشمیر منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں آزاد کشمیر سمیت پاکستان بھر میں بھارت کے مظلوم کشمیریوں پر ظلم و جبر کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفترِ خارجہ سے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں نکالی گئی مرکزی ریلی میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیرِ داخلہ شیخ رشید اور دیگر وزراء نے شرکت کی۔

اس موقع پر کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے 1 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جبکہ 1 منٹ کے لیے ملک بھر میں ٹریفک بھی روک دیا گیا۔

شرکائے ریلی سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد، وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری اور دیگر نے خطاب بھی کیا۔

اسلام آباد میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے زیرِ اہتمام بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج کیا گیا، مظاہرین نے بھارتی بربریت کے خلاف بینر اٹھا رکھے تھے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کیا جائے، بھارت تمام کشمیری سیاسی قائدین کو رہا کرے۔

تازہ ترین