کراچی (ٹی وی رپورٹ )مارننگ شو ”جیو پاکستان“میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایک فون کال نہ آنے پر ہمیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ،اگر امریکا ہم سے لا تعلقی کا اظہار کرتا ہے تو نقصان امریکا کا بھی ہے،حریت رہنما مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر کاز کے ساتھ خطے کا امن اور معاشی استحکام جڑا ہوا ہے،کشمیریوں کی تکلیف کا اندازہ کوئی نہیں کرسکتا،سماجی کارکن اور گلوکار شہزاد رائے نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر دنیا بھر کامنافقانہ رویہ اس بات کی دلیل ہے کہ طاقتور کیخلاف عالمی طاقتیں بھی خاموش ہو جاتی ہیں۔ حریت رہنما مشعال ملک نے کہا کہ کشمیریوں کی تکلیف کا اندازہ کوئی نہیں کرسکتا ،5اگست وہ سیاہ ترین دن ہے جب بھارت یکطرفہ غاصبانہ اقدام اٹھاتے ہوئے کشمیریوں سے ان کے بنیادی حقوق تک چھین لئے ، خصوصی حیثیت ختم کرکے کشمیر میں ہی کشمیریوں کی نسل کشی شروع کردی ، کشمیر کاز کے ساتھ خطے کا امن اور معاشی استحکام جڑا ہوا ہے دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا کے لاک ڈاؤن سے تمام ممالک کشمیریوں کی صورتحال کو آسانی سے سمجھ سکتی ہے اس لئے جلد یا بدیر عالمی طاقتوں کو اس ظلم کا نوٹس لینا پڑے گااور لیں گی ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی حکومت نے داخلی سیاست کے لئے کشمیر کے مسئلے کا استعمال کیا اپنی گرتی ساکھ کو بحال کرنے کے لئے بھارت نے یہ اقدام اٹھایا ، لیکن اس سے وہ لوگوں کے دل نہیں جیت سکے ، اس میں کوئی شک نہیں کہ دنیا اپنے مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرتی ہے لیکن کشمیرکے مسئلے پر آزاد میڈیا نے بہت کچھ لکھا ، جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی ،پاک امریکا تعلقات سے متعلق شاہ محمود کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی نہیں جس کا تاثر دیا جا رہا ہے ، ایک فون کال نہ آنے پر ہمیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں اگر امریکا ہم سے لا تعلقی کا اظہار کرتا ہے تو نقصان امریکا کا بھی ہے۔ سماجی کارکن اور گلو کار شہزاد رائے نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر دنیا بھر کامنافقانہ رویہ اس بات کی دلیل ہے کہ طاقتور کیخلاف عالمی طاقتیں بھی خاموش ہو جاتی ہیں ، فیض احمد فیض کی شاعری ہمیشہ ظلم کیخلاف آواز بنی ہے ،بڑوں کی لڑائی میں نقصان ہمیشہ بچوں کا ہوتا ہے ، اسی کی عکاسی کرنے اور دنیا کو اس ظلم سے آگاہ کرنے کے لئے گانا ترتیب دیا گیا ، جنگ میں بچوں کی تباہی سے جنگیں طویل سے طویل ہو تی جاتی ہیں جو نسل در نسل چلتی ہیں ، جنگوں کے خاتمے کے لئے اپنی نوجوان نسل کو اس سے دور رکھنا ہوگا تاکہ ذہنوں سے ظلم و زیادتی کا خاتمہ ہو سکے ، اسی طرح سر عام پھانسی دینے سے جرائم کا خاتمہ ممکن نہیں جرم اور ظلم کا خاتمہ صرف یقینی سزاؤں سے ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ عبدالقیوم نیازی آزاد کشمیر کے 13 ویں وزیر اعظم منتخب ، سینئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ فیصلے کے پیچھے ہندسوں اور اعداد کا کھیل ہے یا نہیں یہ بات سو فیصد یقین سے نہیں کہی جا سکتی لیکن جب بیرسٹر سلطان محمود ، سردار تنویر الیاس ، راجہ فاروق جیسے ناموں کو رد کر کے ایک نئے نام کو منتخب کیا جائے گا تو اس شخصیت کے بیک گراؤنڈ کی چانچ پڑتال تو کی جائے گی۔