• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے مسائل حل کرنا ترجیحات میں شامل ہے، بلاول بھٹو

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عالمی وبا اور وفاقی حکومت کے عدم تعاون کے باوجود حکومتِ سندھ کی کارکردگی دیگر صوبوں کے مقابلے میں نمایاں ہے، کراچی میں عوامی مسائل کو حل کرنا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کراچی میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام پیپلز پارٹی کے ادوارِ حکومت میں ہوئے ہیں۔ یہ بات انھوں نے سندھ کے نئے وزرا، مشیر اور ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ملاقات میں کہی ۔ بلاول ہائوس میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلی کے مشیر منظور حسین وسان اور صوبائی وزرا سردار شاہ، جام خان شورو اور فیاض بٹ نے ملاقات کی۔ اسکے علاوہ سید ضیا عباس، ساجد جوکھیو اور گیانچند ایسرانی بھی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ کراچی کیلئے حکومت سندھ کی جانب سے نئے مقرر ایڈمنسٹریٹر مرتضی وہاب صدیقی نے بھی پارٹی چیئرمین سے ملاقات کی۔ سندھ کے نئے وزرا، مشیر اور ایڈمنسٹریٹر کراچی نے نئی ذمہ داریاں تفویض کرنے اور انکی صلاحیتوں پر اعتماد کرنے پر قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وزرا، مشیر اور ایڈمنسٹریر کراچی نے یقین دلایا کہ وہ قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے عوام کی خدمت کرینگے۔سندھ کابینہ میں ردوبدل ایک حقیقی عوامی حکومت کے چیک اینڈ بیلنس کا مظہر ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل سے عوام کی خدمت اور صوبے کی ترقی کا تسلسل مزید موثر اور بہتر ہوگا۔ سندھ کی عوامی حکومت ہر مشکلات میں عوام کے ساتھ ہے۔ عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیئے صوبائی حکومت ہر ممکن کاوشیں اٹھا رہی ہے۔ عالمی وبا اور وفاقی حکومت کے عدم تعاون کے باوجود حکومتِ سندھ کی کارکردگی دیگر صوبوں کے مقابلے میں نمایاں ہے۔

تازہ ترین