• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن پاکستان کے ممتاز سائنسدان ہیں جنہوں نے ملک میں سائنس اور اعلیٰ تعلیم کی ترقی میں شاندار خدمات انجام دی ہیں۔ جس کے صلے میں انہیں اعلیٰ ترین قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ ان کی حب الوطنی اور ملک کے لئے بے پناہ تعلیمی و تحقیقی خدمات کی بدولت انہیں یکے بعد دیگرے مختلف حکومتوں کی جانب سے4سول ایوارڈ ز سے نوازا گیا ہے، جن میں اعلیٰ ترین قومی ایوارڈ ’نشانِ امتیاز‘ بھی شامل ہے۔ انہیں چین اور آسٹریا کی حکومتوں کی جانب سے بھی اعلیٰ سول ایوارڈز دیے گئے ہیں۔ انہیں ایک انوکھا اعزاز یہ بھی حاصل ہے کہ چین اور ملائشیا میں ان کے نام پر بڑے تحقیقی ادارے قائم کیے گئے ہیں ۔ 

پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن کو خراج تحسین
پروفیسر عطا الرحمٰن ، ایف آر ایس آسٹریا کا قومی اعلیٰ ترین سول ایوارڈ وصول کررہے ہیں "گراس گولڈین ایرنزائچن ایم بینڈے"

اس کے علاوہ انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ رائل سوسائٹی (لندن) کے فیلو کے طور پر منتخب ہوئے ہیں، یہ برطانوی تعلیمی نظام کاسب سے بڑا اعزاز ہے جو کہ ایک سائنسدان کو سخت تنقیدی اطوار سے پرکھنے کے بعد دیا جا تا ہے۔ رائل سوسائٹی کی ایوارڈ تقریب بتاریخ 14جولائی 2006 کو رائل سوسائٹی لندن میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں دنیا کی ایک تاریخی 360 سالہ پرانی کتاب میں ایک پرندے کے پر کے قلم سے دستخط کئے جاتے ہیں، یہ وہ تاریخی کتاب ہے جس پر سر آئیسک نیوٹن (Sir Isaac Newton) اور چارلس ڈارون (Charles Darwin) نے بھی دستخط کیے تھے ، جس سے وہ اپنی زندگی کے دوران ایک لیجنڈ بن گئے تھے۔ ان کی تازہ ترین کاوشوں کی مثال ہری پور ہزارہ میں پاک آسٹریا جا معہ(Pak Austria University of Applied Sciences and Engineering )کا قیام ہے، جس میں 8 غیر ملکی جامعات کی شراکت داری سے ایک انوکھی جامعہ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

ہم نے اس خصوصی انٹرویو کے ذریعے ان کی قوم سے محبت اور عقیدت کے نتیجے میں ان کی کاوشوں اور کامیابیوں کا ایک زاویہ پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔

جنگ:آپ نے ابتدائی تعلیم کہاں سے حاصل کی اوراپنی تعلیمی خدمات پر کچھ روشنی ڈالئے؟

پروفیسر ڈکٹرعطاء الرحمٰن: میں نے کراچی گرامر اسکول سے‘‘O” اور“A” لیول کے کیمبرج کے امتحانات دیے اور جامعہ کراچی سے ایم ایس سی اوّل ڈویژن کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس کے بعد میں نے برطانیہ کی کیمبرج جامعہ (Cambridge University) سے کامن ویلتھ اسکالر شپ (Commonwealth Scholarship)حاصل کی اور 1968 میں کیمبرج جامعہ سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ بعد میں مجھے کیمبرج جامعہ نے اعزازی ڈگری ڈاکٹر آف سائنس (ایس سی ڈی) سے بھی نوازا۔ اس کے علاوہ متعدد برطانوی اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں بھی مجھے دی گئیں، جن میں کوونٹری جامعہ (Coventry University)، جامعہ بریڈفورڈ (Bradford University) اور اس کے علاوہ ملائیشین، تھائی اور پاکستانی جامعات شامل ہیں۔ مجھے کنگز کالج کیمبرج جامعہ کا اعزازی مستقل فیلو (Honorary Life Fellow)ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن کو خراج تحسین
پروفیسر عطا الرحمٰن کو چینی اکیڈمی آف سائنسز کا اعلی ترین ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے ، "ماہر تعلیم (خارجہ ممبر)"

جنگ: آپ کے بہت سارے تحقیقی مقالے اور کتابیں دنیا کے ممتاز پبلشروں کے ذریعہ شائع ہوچکے ہیں۔ آپ کاایچ انڈیکس (h-index)۔73 اور33,000 سے زیادہ حوالوں (citations) کے ساتھ ، آپ کو عالم اسلام کے ایک چوٹی کے سائنس دان کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔ سائنس، آئی ٹی / ٹیلی کام اور نالج اکانومی پر نیشنل ٹاسک فورسز کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے رہے ہیں ۔ آپ یہ سب کیسے کر لیتےہیں؟

ڈاکٹر عطاء الرحمٰن: اس کا جواب آسان ہے: " قوم کی خدمت کاجذبہ ، اس ملک اور اس کے نوجوانوں کے مستقبل پر یقین اور اللہ پر بھروسہ ہے"۔ سیکھنا اور پڑھانا میرا جنون ہے۔ یہ عظیم قوم صرف اسلامی تعلیم پر عمل کرنے، سائنس ، ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کی شکل میں اپنی حقیقی دولت، یعنی نوجوانوں میں سرمایہ کاری کے ذریعہ ہی ترقی کر سکتی ہے۔

جنگ:کیا آپ ہمیں اپنے بڑے قومی اور بین الاقوامی اعزازات کے بارے میں بتا سکتے ہیں؟

ڈاکٹر عطاء الرحمٰن: میں 14 جولائی 2006 کو رائل سوسائٹی (لندن) کے فیلو کے طور پر منتخب ہوا، یہ برطانیہ کا اعلیٰ ترین ایوارڈ ہے۔ 1999 میں، میں نے یونیسکو کا اعلیٰ ترین یونیسکو سائنس انعام (Unesco Science Prize) حاصل کیا ۔ آسٹریا کی حکومت نے میری نمایاں خدمات کے اعتراف میں2007 میں مجھے اپنے اعلیٰ سول ایوارڈ "گراس گولڈین ایرنزیکچن ام بانڈے" (Grosse Goldene Ehrenzeischen am Bande) سے نوازا۔ اکتوبر 2009میں مجھے TWASاٹلی کی جانب سے بھی اعلیٰ ترین انعام دیا گیا۔ اس کے علاوہ چین اور کوریا سے اعلیٰ ایوارڈزحاصل کیے ۔ 

چینی صدر نے مجھے گزشتہ سال چین کےسب سے بڑےبین الاقوامی ایوارڈ ’’بین الاقوامی سائنس اور ٹیکنالوجی تعاون ایوارڈ‘‘ (International Cooperation award in Science and Technology) سے نوازا اور میں چینی اکیڈمی آف سائنسز کا ’’اکیڈمیشین‘‘ (Academician) بھی منتخب ہوا ہوں۔ جنوبی کوریا کی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی اکیڈمی نے بھی مجھے کورین اکیڈمی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا فیلو منتخب کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن کو خراج تحسین
پروفیسر عطا الرحمٰن ، اکیڈمیشین بیلٹ اور روڈ ٹریڈیشنل میڈیسن ریسرچ سینٹر، چانگشا ، چین کے افتتاح کے موقع پر ایف آرایس

جنگ: قومی سطح پر آپ پاکستان کے واحد سائنسدان ہیں، جنھوں نے تمام سول ایوارڈز، تمغہ ء امتیاز (1983) ، ستارہء امتیاز (1991) ، ہلالِ امتیاز (1998) ، اور اعلیٰ ترین قومی سول ایوارڈ نشانِ امتیاز (2002)سمیت 4سول ایوارڈز حاصل کیے ہیں۔ آپ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنا لوجی (14 مارچ 2000 - 20 نومبر 2002) ، وفاقی وزیر تعلیم (2002) اور 2002-2008تک ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین بحیثیت وفاقی وزیر بھی رہے۔ آپ کو کن کامیابیوں پر واقعی فخر ہے؟

پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن: ایک جملے میں: اس ملک کے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کی کوشش کرنے میں مدد کرنا۔اور اس میں آگے بڑھنا میری سب سے بڑی کامیابی ہے۔ ہم نے 2004میں ملک کی پہلی ڈیجیٹل لائبریری قائم کی، جس کا نام پاکستان ایجوکیشنل ریسرچ نیٹ ورک (Pakistan Educational Research Network - PERN) رکھا گیا تھا ۔ اس سے 65,000نصابی کتب اور 25,000 بین الاقوامی جرائد کی مفت رسائی فراہم ہوئی۔ ہم خلاء میں پاکستان کا پہلا مصنوعی سیارہ پاکسٹ1 (Pak Sat 1) لے کر آئے، جس سے مستقبل میں اس قیمتی جگہ کو خلاء میں محفوظ رکھنے میں مدد فراہم ہوئی۔ 2002-2008 کے دوران میں نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں جو تبدیلی کی، اس نے ہندوستان میں پریشانی کی لہریں دوڑا دیں اور 22 جولائی 2006 کو بھارتی وزیر اعظم اور کابینہ کو ایچ ای سی میں ہمارے اقدامات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی ، جس کی خبر ہندستان ٹائمز میں 23 جولائی 2006 ءکو جن سرخیوں سے شایع کی گئی، وہ تھیں "ہندستانی سائنس کو پاکستان سے خطرہ"۔ اس کے بعد ہندوستان نے اپنے یونیورسٹی گرانٹ کمیشن (UGC)کو بند کرنے کا فیصلہ کیا اور پاکستان کی طرز پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف انڈیا (ایچ ای سی آئی، H.E.C.I) کا قیام عمل میں لائے۔ ان زبردست تبدیلیوں کے نتیجے میں ہماری جامعات کے اعلیٰ معیار کے تحقیقی مقالوں میں زبردست اضافہ ہوا۔ 

سال 2000 میں ہم ہندستان سے فی کس 400 فیصد پیچھے تھے لیکن2017 میں ہم نے ہندستان کو پیچھے چھوڑ دیا، اعلیٰ معیار کی تحقیقی اشاعت میں فی کس کے حساب سے ’’ویب آف سائنس ‘‘ کے اعداد و شمار کے مطابق، اب ہم ہندستان سے %25٪ آگے ہیں۔ یہ کوئی چھوٹی کامیابی نہیں ہے۔ اس پیشرفت کو تھامسن رائٹرز ، اقوام متحدہ کے کمیشن برائے سائنس ٹیکنالوجی اینڈ ڈیویلپمنٹ (UNCSTD)کے چیئرمین اور دنیا کے ممتاز سائنسی جرائد اور ماہرین نے سراہا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن کو خراج تحسین
پروفیسر عطا الرحمٰن ، ایف آر ایس نے چین کے صدر شی جن پنگ سے بیجنگ میں " سائنس اینڈ ٹیکنالوجی برائے بین الاقوامی تعاون ایوارڈ 2019" حاصل کیا

جنگ: سال 2002 تا 2008 کے دوران ایچ ای سی کے چیئرمین کی حیثیت سے آپ کا سب سے زیادہ زور اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے پر تھا۔ آپ کی کاوشوں کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا اور چین اور ملائشیا میں آپ کے اعزاز میں ادارے قائم ہوئے۔ اس کے نتیجے میں ہماری متعدد جامعات کو ہماری تاریخ میں پہلی بار دنیا کی 300، 400 بڑی جامعات میں شامل کیا گیا ۔ ہمیں ان میں سے کچھ پروگراموں کے بارے میں بتائیں؟

پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن: ملک میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو یقینی بنانے اور بڑھانے کے لئے کوالٹی اَشورنس (Quality Assurance)کےباقاعدہ عیارات، پالیسیوں اور عمل کو ترقی دینے اور ان پر عمل درآمد کے لئے ایک اہم قومی پروگرام شروع کیا گیا تھا۔ کوالٹی اَشورنس کو تمام اعلیٰ تعلیم کے پروگراموں کے کلیدی جزو کے طور پر تسلیم کیا گیا ، چاہے فیکلٹی ڈیویلپمنٹ ، ریسرچ کی اشاعت ، انسانی وسائل کی ترقی ، بنیادی ڈھانچے کی ضروریات یا نصاب کی ترقی ہو۔ معیار کے درجات مرتب کیے گئے اور جامعات کو ان پر عمل درآمد کے لئے پابند کیا گیا تھا۔ 

ان میں (1) پی ایچ ڈی سطح کی فیکلٹی کے لئے سہولیات کی فراہمی، ( 2) درس و تحقیق کے کریڈٹ اوقات کا تعین، (3) پی ایچ ڈی پروگرام کرنے کے لئے تشخیص اور تحقیقی کام کی ضروریات ،( 4) تعلیمی لحاظ سے ترقی یافتہ ممالک سے کم از کم دو غیر ملکی تجزیہ نگاروں (International Reviewers)کے ذریعہ پی ایچ ڈی تھیسس (Thesis)کا لازمی جائزہ، ( 5) مختلف فیکلٹی عہدوں پر تقرریوں کے لیے کم سے کم اہلیت کے معیارات، (6) تحقیقی اشاعتوں اور پی ایچ ڈی کے مقالوں میں کاپی پیسٹ کا خطرہ سافٹ ویئر "ٹرنٹ اِن" (Turnit-in) یا "آئیتھینٹی کیٹ " (Authenticate) متعارف کروا کر مکمل طور پر ختم کردیا گیا تھا، 7) واحد اہم ترین عنصر جو تعلیم کے معیار کا تعین کرتا ہے وہ فیکلٹی کا معیار ہے۔ لہٰذا بیرون ملک اعلیٰ جامعات میں روشن ترین نوجوان مردوں اور خواتین کو تربیت دینے کے لئے ایک بہت ہی پرجوش پروگرام شروع کیا گیا اور ہزاروں افراد کو پی ایچ ڈی کی سطح کی تربیت کے لئے امریکا ، یورپ اور آسٹریلیا کی معروف جامعات میں بھیجا گیا۔ مقامی پی ایچ ڈی کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے پی ایچ ڈی طلباء کی تعداد پر ایک حد نافذ کردی گئی تھی جو کسی بھی پی ایچ ڈی سپروائزر کے تحت اندراج کیا جاسکتا ہے، ایچ ای سی کے تسلیم شدہ سپروائزرز کا ایک نظام متعارف کرایا گیا ، اور ایک پی ایچ ڈی پروگرام متعارف کرایا گیا جس کے تحت پی ایچ ڈی طلباء پاکستان میں رہ سکتے ہیں۔وہ6سے 12 ماہ تک بیرون ملک سفر کریں اور غیر ملکی جامعات میں پی ایچ ڈی کے اپنے کام کا ایک حصہ ممتاز غیر ملکی سائنس دانوں کی نگرانی میں انجام دیں۔

پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن کو خراج تحسین
پروفیسر عطاء الرحمٰن تمغۂ امتیاز، ستارۂ امتیاز، ہلال امتیاز ، نشان امتیاز صدور مملکت سے حاصل کرتے ہوئے

جنگ: آپ کے اعزاز میں اور آ پ کے نام پر چین ، ملائشیا اور پاکستان میں متعدد سائنسی تحقیقی ادارے قائم ہوئے ہیں۔ ملائیشیا کی سب سے بڑی جامعہ ، جامعہ آف ٹیکنالوجی مارا ، ملائشیا یوآئی ٹی ایم (Universiti Teknologi Mara, UiTM)نے 2013 میں ’’عطا ءالرحمن انسٹیٹیوٹ آف نیچرل پراڈکٹ ڈسکوری‘‘

(Atta-ur Rahman Institute of Natural Product Discovery, AuRIns)" کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا۔ اسی طرح، چین میں صوبہ ہنان (Hunan)کے شہرچانگشا (Changsha) میں روایتی طب (Traditional Chinese Medicine, TCM) سے متعلق معروف چینی جامعہ نےآپ کے اعزاز میں "ماہر تعلیم پروفیسر عطا ءالرحمٰن :وَن بیلٹ اور وَن روڈ ٹی سی ایم ریسرچ سنٹر"(Academician: Prof. Atta-ur-Rahman: One Belt and One Road TCM Research Center )اکتوبر 2019 میں ایک اہم تحقیقی ادارہ قائم کیا۔ اس سلسلے میں آپ کے جذبات کیا ہیں؟

پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن: یہ سب اللہ تعالیٰ کا کرم اور میرے والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہےاوراس عزت افزائی پر میں بہت شکرگزار ہوں ۔

جنگ: عام طور پر آپ کو پاکستان کے آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کا بانی اور باپ سمجھا جاتا ہے۔کن اعانتوں سےیہ پہچان حاصل کی؟ پاکستان کے لئے آپ کی کیا بڑی کامیابیاں ہیں؟

پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن: وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی ، اور ٹیلی مواصلات کی حیثیت سے ہم نے پاکستان کی پہلی آئی ٹی پالیسی (2002) منظور کرا کر اس شعبے کی ابتدا کی۔ ہماری کوششوں کے نتیجے میں یو فون (U-fone) نے "کالنگ پارٹی پیز" (Calling Party Pays )کا آغاز کیا ، اس سے پہلے لوگوں کو کال وصول کرنے پر بھی رقم ادا کرنی پڑتی تھی اور اس وجہ سے لوگ موبائل فون رکھنا پسند نہیں کرتے تھے۔ ان اقدام کے نتیجے میں ایک انقلابی تبدیلی رونما ہوئی جس کی بدولت 2001 میں ہمارے یہاں200,000موبائل فون تھے، ان کی تعدادبڑھ کر اب 20 کروڑ سے بھی کہیں زیادہ ہو گئی۔ 

ہم پاکستان کا پہلا مواصلاتی مصنوعی سیارہ پاکسیٹ1 (PAK Sat 1) خلا میں لے کر آئے او ر اس سے اہم مداری خطے کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اگست 2000 میں انٹرنیٹ تک رسائی تیزی سے عمل میں آئی اور 2002 تک 29 شہروں سے بڑھ کر ایک ہزار شہروں ، قصبوں اور دیہات تک انٹرنیٹ کی سہولت کو پہنچا دیا گیا۔ ملک بھر میں فائبر بچھایا گیا، جو 400 شہروں اور گاؤں تک پہنچا یا گیا۔ لاہور ، ایبٹ آباد ، بلوچستان اور سندھ میں سات نئے آئی ٹی جامعہ کیمپس قائم کیے گئے ، جن میں COMSATS ، FAST ، Virtual University اور دیگر جامعات شامل ہیں۔ آئی ٹی کو فروغ دینے کے لئے مختلف جامعات کے لئے 1 ارب روپے وقف کئے گئے تھے اور 70 اضلاع میں 220,000 اسکول اساتذہ کو انٹیل (Intel) کے تعاون سے تربیت دی گئی تھی ۔

جنگ: ڈاکٹرصاحب ، آپ پاکستان کی پہلی غیر ملکی انجنیئرنگ جامعہ ، پاک آسٹریافاخ ہوخ شولے کے قیام کے پیچھے متحرک روح رواں تھے جو آٹھ غیر ملکی جامعات (3 آسٹریا اور 5 چین) کے اشتراک سے ہزارہ ،ہری پور میں قائم کی گئی ہے۔ یہ منصوبہ ڈھائی سال کی مختصر ریکارڈ مدت میں قائم ہوا ، اور آپ کا خواب پورا ہوگیا ؟ اب آپ کون سی دوسری جامعات کے قیام کا ارادہ رکھتے ہیں؟

پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن: ہم نے آٹھ غیر ملکی جامعات کے اشتراک سے پاکستان کی پہلی غیر ملکی انجینئرنگ جامعہ ، پاک آسٹریا فاخ ہوخ شولے (Pak-Austria Fachhocschule) کا ( 3 آسٹریا اور 5 چینی جامعات کی مدد سے)قائم کیا۔ مجھے آپ کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ سیالکوٹ کے قریب اب اسی طرح کی ایک اور جامعہ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، جس میں بڑی تعداد میں حکومت پنجاب کی مالی اعانت شامل ہے۔ اس جامعہ کے ساتھ ساتھ پی ایم ہاؤس اسلام آباد کی اراضی میں پاک جامعہ آف انجنیئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنا لوجیز کے منصوبے کو حال ہی میں ای سی این ای سی (ECNEC)نے منظور کر لیا ہے۔

جنگ: ٹیکس محصول میں اضافے کے لئے نالج اکانومی ٹاسک فورس کے تحت آپ کے حالیہ اقدامات کو قابل ذکر کامیابی ملی ہے۔ کیا آپ اس پر کچھ روشنی ڈال سکتے ہیں؟

پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن: ہماری ٹاسک فور س کے ممبران نے نادرا کے ساتھ مل کر ٹیکس محصول میں اضافے اور ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنے کے لئے کام کیا۔ 3 ماہ کے اندر 38 لاکھ ایسے افرادکی شناخت کی جو ٹیکس واجب ہونے کے باوجود ٹیکس ادا نہیں کرتے تھے اور ان میں سے ہر ایک پر ٹیکس کے واجبات 100,000 روپے سے زیادہ تھے۔ 

اس کے نتیجے میں کل اعلان کردہ اثاثوں میں تیزی سے 3 کھرب روپے تک کا اضافہ ہوا اور اصل ٹیکس ادائیگی کل 65ارب روپے ہوگئی، یہ اس زمانے میں ٹیکنالوجی کی طاقت کی عمدہ مثال ہے۔ اس سے 90,000سے زیادہ نان ٹیکس فائلرز ، ٹیکس فائلرز بن گئے اور 30 جون 2018 کوختم ہونے والے سال میں کل ٹیکس گوشوارے 20 لاکھ سے تجاوز کرگئے ، جو ایف بی آر کی تاریخ میں اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

جنگ: چونکہ دنیا کورونا وائرس وبا کے دور سے گزر رہی ہے ، آپ کی ٹاسک فورس نے اس حوالے سے کیا اقدامات اٹھائے ہیں؟

پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن: ہم نے بہت سے نئے منصوبے شروع کئے ہیں۔ مثلاً:

مخلوط تعلیم (Blended Education): ورچوئل جامعہ ، لاہور میں مخلوط نظام تعلیم متعارف کروانے کے لئے 6 ارب روپے کا منصوبہ شروع کیا گیا۔ غیر ملکی اسکالرشپس: نالج اکانومی ٹاسک فورس میں13 ارب روپے کے اسکالرشپ پروجیکٹ کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ہمارے روشن خیال طلباء کی ایک بڑی تعداد کو بیرون ملک چوٹی کی جامعات میں بھیج کر ہماری جامعات میں اساتذہ کامعیار بلند کرنا ہے۔ 

میٹرک ٹیک پروگرام (Matric Tech Program): ہنر مند طلبا تیار کرنےکے لئے تقریباً 500 اسکولوں میں بطور پائلٹ ایک میٹرک ٹیک پروگرام شروع کیا گیا ہے تاکہ ان کی تعلیم کے آخری 3 سال میں ، میٹرک کے طلباء کو مخصوص مہارت و ہنر کی تربیت دی جائے۔ مصنوعی ذہانت اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز: منتخب کردہ کلیدی شعبے جن کو اعلیٰ قومی ترجیح دی جارہی ہے ان میں انفارمیشن ٹیکنا لوجی، مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) ، مشین لرننگ، روبوٹکس، بِگ ڈیٹا، انٹرنیٹ آف تھِنگس شامل ہیں۔پاکستان میں معدنیات کے بے شمار ذخائر ہیں۔ اس کے فروخت کے لیے پاک آسٹریا جامعہ میں ایک اعلیٰ ترین ادارہ قائم کیا جا رہا ہے۔

جنگ: آپ کی ٹاسک فورس نے کورونا وائرس وبا کے حوالے سے کیا اقدامات اٹھائے ہیں؟

پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن: اس حولے سے ہم نے کافی اقدامات اُٹھائے ہیں، جن میں کلینیکل ٹرائلز، قومی جانچ کی سہولیات کی توسیع (expansion of national testing facilities) ، تغیر پزیر وائرس کا جینیاتی تجزیہ (genetic analysis of the mutating virus)، وینٹیلیٹرز(indigenous manufacture of ventilators) / طبی آلات کی قومی سطح پر تیاری اور قومی اینٹی وائرل ریسرچ سنٹر (National Center for Anti Viral Research) کا قیام شامل ہیں۔

جنگ: آپ نیشنل ٹاسک فورس کے چیئرمین بھی ہیں، جو کرونا وائرس سے متعلق وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے قائم کی ہے۔ براہ کرم کچھ اہم کارنامے بیان کریں؟

پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمٰن: ہم نے موجودہ دوائیوں کا استعمال کرتے ہوئے کورونا وائرس کے مریضوں پر کلینیکل ٹرائلز شروع کیے۔ میرے ذاتی عطیے سے میرے والد کے نام پر قائم جمیل الرحمٰن مرکز برائے جینیاتی تحقیقJamil-ur-Rahman Center for Genome Research ) میں وقت کے ساتھ ساتھ وائرس کے بدلتے جینیاتی ڈھانچے کی بھی تحقیق کی جارہی ہے ۔ کورونا وائرس کے خلاف قومی ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز، جامعہ کراچی میں انٹرنیشنل سنٹر برائے کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز (International Center for Chemical and Biological Sciences) اور ایک بڑی چینی کمپنی سائنوفارم (Sino-Pharm) کے مابین باہمی تعاون کے ساتھ کئے گئے تھے۔ 

قومی کورونا وائرس کی جانچ کی سہولیات لاہور اور کراچی میں بڑھا دی گئیں۔ ہم نے وینٹیلیٹزاور دیگر طبی آلات کی دیسی تیاری میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔

آخر میں، میں اللہ تعالی کا شکر اداکرنا چاہتا ہوں کیونکہ اللہ کی مدد سے اور میرے والدین کی دعاؤں سے یہ ممکن ہوا ۔

ان تمام کاوشوں میں، میں اپنے ساتھیوں بالخصوص پروفیسر سلیم الزمان صدیقی (مرحوم) ، لطیف ابراہیم جمال (مرحوم)، عزیز لطیف جمال صاحب، نادرہ پنجوانی صاحبہ، پروفیسر اقبال چودھری، جنرل پرویز مشرف، ڈاکٹر اکرم شیخ ، ڈاکٹر سہیل نقوی اور دیگر ساتھیوں کا شکر گزار ہوں، جن کے تعاون سے یہ سب ممکن ہوا۔ 

تازہ ترین