کوئٹہ (جنگ نیوز ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کوئٹہ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ ہماری ملکی تاریخ کے بدترین و تاریک واقعات میں سے ایک اور بلوچستان کے انتھائی باشعور و متحرک افراد کے خلاف گھناوَنی سازش تھا۔8 اگست 2016ع کو کوئٹہ میں دہشتگردی کے اس واقعے میں 56 وکلاء سمیت 73 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں میڈیا کے دو کیمرہ مین بھی شامل تھے۔ سانحہ کوئٹہ کی پانچویں برسی کے موقعے پر جاری کردہ اپنے بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ کا غم اور کرب آج بھی تازہ ہے، کیونکہ باشعور قومیں اپنے بے گناہ ہم وطنوں کو بے دردی سے قتل کیئے جانے کا غم بھولتی ہیں نہ معاف کرتی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ سانحہ کوئٹہ کے شہیدوں کو قتل ایک بار نہیں، بلکہ ہر روز کیا جاتا ہے۔ ان معصوم پاکستانیوں کا پہلی بار قتل تب ہوا تھا، جب یہ المناک واقعہ پیش آیا تھا۔ لیکن اس سانحہ پر بنائی گئی جسٹس فائز عیسیٰ تحقیقاتی کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد نہ کرکے ان شہیدوں سے ہر روز ناانصافی کی جاتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دھاندھلی کے نتیجے میں ملک پر مسلط کی جانے والی دائیں بازو کی جماعتیں جسٹس فائز عیسیٰ تحقیقاتی کمیشن کی سفارشات سمیت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں رکاوٹ رہی ہیں۔ "اب بھی وقت ہے، عوام کی جان و مال کی حفاظت اور دہشتگردی و انتھاپسندی کو حقیقی معنوں میں جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیئے نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل کیا جائے۔