کوئٹہ میں زرغون روڈ کے یونٹی چوک کے قریب دھماکے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں 6 افراد زخمی ہوئے، جن میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق زرغون روڈ پر دھماکا پولیس وین کے قریب ہوا، جس سے 2 پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق یونٹی چوک دھماکے میں دہشت گردوں نے موٹر سائیکل استعمال کی۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا جس کا نشانہ پولیس وین تھی۔
پولیس کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کےلیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔