کراچی، اسلام آباد ( آن لائن ) وزیرمملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کراچی کے کئی مسائل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی ،گرین لائن منصوبے کی تعمیر ، گجر نالہ اور کورنگی نالہ کی صفائی تک وفاقی حکومت کرا رہی ہے،وفاقی حکومت نے کراچی کی ترقی کیلئے اربوں روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے،بلاول بھٹو اپنے والد کی کرپشن کے جانشین ہیں، سندھ حکومت کرپشن ، بدعنوانی اور منی لانڈرنگ میں سب سے آگے ہے،کراچی اور سندھ کے عوام کو معلوم ہے کہ انکے مسائل کا حل وزیراعظم عمران خان ہی نکال سکتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا سندھ میں 14 ارب روپے کی گندم چوری ہوجاتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ چوہے کھا گئے۔کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے ’’کے فور‘‘ میں سندھ حکومت رکاوٹ بنی رہی۔گرین لائن منصوبے کے تحت 80 بسیں پہنچ رہی ہیں جس سے شہریوں کو جدید ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر ہوگی۔کراچی ٹریڈ کوریڈور بنایا جارہا ہے تاکہ شہر کے اندر داخل ہونے والے ٹرکوں کا مسئلہ حل کیا جاسکے۔ کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ بھی وفاق مکمل کررہا ہے۔