کراچی کے ساحل سی ویو پر پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ کو نکالنے کے آپریشن کا دوسرا مرحلہ آج ہوگا، دوسرے مرحلے میں آج جہاز کے نکلنے کا امکان موجود ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹگس اور بارج جہاز کے قریب پہنچ گئے، 600 میٹر فاصلے سے ٹگس اور بارج پر نصب ونچ جہاز کو کھینچیں گے۔
حکام کے مطابق آج جہاز کے نکلنے کا امکان موجود ہے، جہاز کو تحویل میں لینے کیلئے کےپی ٹی برتھ پرلے جایا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب بحری جہاز ہینگ ٹو نگ77 کو حکومت نے تحویل میں لے لیا ، وزارت بحری امور کے حکم نامے کے مطابق ماہرین نے جہاز کو سمندری کاموں کےلیے ناقابل استعمال قرار دیا۔
جہاز کا نیویگیشن سسٹم اور مشینری خراب حالت میں ہے، یہ انسانی جانوں کے لیے بھی خطرہ ہے، ان تمام چیزوں سے متعلق جہاز کے کیپٹن کو تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب جہاز کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کے پہلے مرحلے میں سمندر کے اندر اینکر گاڑ کر اس سے بندھے تار سے جہاز کو سمندر میں پانی کی طرف دھکیلا گیا۔
تار کھینچنے کیلئے ساحل پر کھڑی بارج کی طاقت استعمال کی گئی، آج جہاز کو نکالنے کے لیے آپریشن کے دوسرے مرحلے میں ٹگ بوٹ کے ذریعے جہاز کو کھینچا جائے گا۔
یاد رہے کہ کراچی کے ساحل پر 21 جولائی کو کارگو بحری جہاز پھنسا جس پر کئی کنٹینر لدے ہوئے ہیں، کے پی ٹی کے ترجمان کے مطابق جہاز کا انجن کمزور ہونے کی وجہ سے جہاز اونچی لہروں کے باعث ساحل پر آگیا۔
جہاز کے کپتان کے مطابق جہاز کا ایک اینکر 20 جولائی کو ٹوٹا، جہاز کو فوری برتھ دینے کی درخواست کی کیونکہ ایک اینکر کے ساتھ جہاز سنبھالنا مشکل تھا لیکن برتھ نہ دی گئی۔
کپتان نے بتایا کہ بحری جہاز کا دوسرا اینکر 20 اور 21 جولائی کی درمیانی شب رات 1 بج کر 15 منٹ پر ٹوٹا، بحیثیت کیپٹن ایک بج کر 20 منٹ پر ایمرجنسی کال کی، ایمرجنسی کال پورٹ قاسم اور منوڑہ بھی سن رہا تھا لیکن کے پی ٹی کنٹرول نے کوئی مدد نہ کی، کے پی ٹی کنٹرول نے افسران کے میٹنگ میں ہونے کا بتایا۔