اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اجلاس کی باتیں کرتی رہتی ہے ،انہیں کچھ سمجھ ہی نہیں آرہا کر نا کیا ہے، اپوزیشن کچھ بھی کرلے، عمران خان ٹکا کر پانچ سال پورے کریگا ، خطہ میں بدلتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے آنے والے چار ،پانچ ماہ بہت اہم ہیں، پاکستان اہم کردارادا کرنے جارہا ہے۔دشمن پاکستان میں انتشار اور خلفشار پیدا کرنے کی سازش کررہا ہے ، دہشت گردی کے واقعات کا خطرہ موجود ہے، تمام سرحدیں بند ہیں کوئی مہاجر پاکستان نہیں آ رہا،پاکستان بین الاقوامی سیاست کا مرکز بننے جا رہا ہے، اب اندرونی سیاست کے لئے کوئی جگہ نہیں۔اپوزیشن ٹھس ہو چکی ہے ۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ تاجر برادری ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔