وفاقی وزیر اطلاعات فوادچوہدری کا کہنا ہے کہ 150 ٹرینڈز میں تقریباً 37 لاکھ ٹوئٹس چلائے گئے، ٹرینڈز پاکستان سے چلائے گئے، باقی سارا کام بھارت سے ہورہا تھا، ن لیگ اور جے یو آئی کے ٹرینڈز میں بھارت سے 10 ہزار ٹوئٹس ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ رپورٹ میں دو سال کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا ہے، ان ٹرینڈز کو افغانستان اور بھارت سے سپورٹ کیا گیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ رپورٹ میں150 ٹرینڈز میں حصہ لینے والوں کے نام ہیں، ان ٹرینڈز میں حصہ لینے والوں میں جے یو آئی اور مسلم لیگ ن شامل ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ ان ٹرینڈز میں بھارت نے کیوں حصہ لیا، ن لیگ اور جے یو آئی کے ٹرینڈز میں بھارت سے 10 ہزار ٹوئٹس ہیں، رپورٹ میں پورا چارٹ دیا گیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ رپورٹ میں کس کا نام آیا وہ بات اہم نہیں ہے، اہم بات یہ ہے کہ ان ٹرینڈز کو بھارت کے اندر سے بڑھاوا دیا گیا، ابھی اور بھی ڈیٹا آرہا ہے، بہت لوگوں کے کارنامے سامنے آئیں گے۔