اسلام آباد ( طاہر خلیل ) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی رگیں سکڑ رہی ہیں انہیں ملک واپس آجانا چاہیے‘افغان ایشو پر پی ڈی ایم اور عمران خان کا ایک ہی بیانیہ ہے۔
اپوزیشن پنجاب میں عدم اعتماد کا شوق پورا کر لے ۔جو مرضی کر لیں الیکشن وقت پر ہوں گے ‘پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہے ، چو ں چوں کا مربہ ہے دو پارٹیاں ہیں ایک فضل الرحمٰن ، دوسری ن لیگ ،باقی 9 جماعتوں کا کوئی نام بتادیں ۔
جمعرات کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کا تین مختلف زبانوں میں انٹرویو پاکستان کے خلاف میڈیا وار کا حصہ ہے۔
افغان سفیر کی بیٹی اغوا نہیں ہوئی تھی، اس معاملے پر پاکستان کو مورد الزام نہ ٹھہرائیں۔ یہی رویہ جاری رکھا گیا تو ہمارے پاس ساری فوٹیج اور ثبوت موجود ہیں، شواہد پیش کیے تو پھر کسی کو گلہ نہیں ہونا چاہیے۔