پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کا کہنا ہے کہ انہیں وسیم سے شادی کو 8 برس جبکہ ان سے بچھڑے 10 ماہ مکمل ہوگئے۔
واضح رہے کہ کورونا کے باعث لگی سفری بندشوں کے باعث شنیرا اپنی بیٹی عائلہ کے ہمراہ آسٹریلیا میں ہی پھنس گئی ہیں جبکہ وسیم اکرم پاکستان میں موجود ہیں۔
شنیرا نے آج شادی کی سالگرہ پر سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں وسیم اکرم کیلئے لکھا کہ ’ہماری شادی کو 8 برس ہوگئے ہیں اور ہماری جدائی کو پورے 10 ماہ۔‘
شنیرا نے وسیم کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں آپ کو ہر لمحہ یاد کرتی ہوں لیکن آج آپ کی یاد کچھ زیادہ ہی آرہی ہے۔‘
واضح رہے کہ شنیرا اور اُن کی بیٹی عائلہ گزشتہ سال سے آسٹریلیا میں پھنسی ہوئی ہیں جبکہ اُن کے شوہر وسیم اکرم پاکستان میں موجود ہیں۔
آسٹریلوی حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر آسٹریلیا کے بارڈرز بند کیے ہوئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ شنیرا اس قدر اپنے شوہر وسیم اکرم کو یاد کررہی ہیں۔
شنیرا کو وسیم سے جدائی کے بعد دونوں بیٹوں کی بھی یاد ستانے لگی تھی۔
لیجنڈ کرکٹر نے سال 2013 میں آسٹریلوی نژاد شنیرا اکرم سے شادی کی جن سے ان کی ایک بیٹی عائلہ ہے۔ عائلہ کی پیدائش 2014 میں ہوئی تھی۔