کراچی (اسٹااف رپورٹر)بلدیہ مواچھ گوٹھ موڑ کے قریب شہزور ٹرک میں دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 14شدید زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکہ میں 5 خواتین ،3 مرد اور 3 بچے جاں بحق ہوئے ہیں تاہم رات گئے تک پولیس نے 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق بلدیہ مواچھ موڑ پر واقع پٹرول پمپ کے قریب موجود شہزور ٹرک نمبر KP-2779 میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ٹرک کے عقبی حصے میں بیٹھے افراد شدید زخمی ہوگئے ۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس ، رینجرز اور فلاحی ادارے کے رضا کار موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو وہاں سے نکال کر اسپتال منتقل کرنا شروع کیا،اسپتال منتقلی کے دوران دو مریض راستے میں ہی دم توڑ گئے جبکہ اسپتال میں دوران علاج 7 افراد بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
جاں بحق اور زخمی ہونے والے افرا د میں خواتین اور بچے زیادہ تعداد میں شامل ہیں ۔ ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض کے مطابق متاثرہ افراد کا تعلق سوات خیبر پختونخواہ سے تھا او وہ شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد جارہے تھے، انہوں نے بتایا کہ عینی شاہدین کے بیانات کے مطابق نامعلوم افراد نے کوئی چیز ٹرک پر پھینکی جس میں بارودی مواد موجود تھا اور اس میں چھرے بھی موجود تھے ۔
انہوں نے کہا مختلف پہلووں سے واقعہ کی تفتیش جاری ہے کسی پر بارودی مواد پھینکنا دہشت گردی کا عمل ہے اور دہشت گروں نے ایسے ہی عام افراد کو نشانہ بنایا یا انکی جانب سے اسی گاڑی کو ہدف بنانا تھا اس حوالے سے معلومات لی جارہی ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لیا ہے جس سے مزید پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔
بم ڈسپوزل یونٹ کو طلب کیا گیا ہے اور انکی رپورٹ کے بعد مزید واضح ہوگا کہ مزکورہ دھماکہ کس نوعیت کا تھا ۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی کے سینئر افسر راجہ عمر خطاب کا کہنا ہے کہ دھماکہ دستی بم کا معلوم ہوتا ہے جو باہر سے پھینکا گیا اور ٹرک میں گرنے سے پہلے ہوا میں پھٹ گیا۔ انہوں نے کہ معلومات لی جارہی ہیں کہ متاثرہ افراد کے کسی سے تنازعات تو نہیں ہیں۔
بم ڈسپوزل یونٹ ذرائع کے مطابق دھماکے کے لیے نٹ بولٹ کا استعمال کیا گیا ہے اور موقع سے مزید شواہد جمع کیے جارہے ہیں جس کی جانچ کے بعد مفصل رپورٹ مرتب ہوگی ۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ دہشت گردی کے علاؤہ ذاتی دشمنی بھی ہوسکتا ہے،متاثرہ خاندان کا آبائی تعلق سوات سے ہے۔
بیٹی کی شادی کی دعوت سے واپس آرہے تھے، پولیس ذرائع کے مطابق شادی کچھ دن پہلے ہوئی تھی اور ہفتہ کو اس سلسلے میں دعوت تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دشمنی کے معاملے پر بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔بلدیہ دھماکے کا شکار بد قسمت فیملی نائب قیم جماعت اسلامی ضلع ملیر اور سابق یوسی چیئرمین معراج خان سواتی کی تھی۔