کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کچھ بھی کرلے عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہوچکی ہے، اپوزیشن کا سیاسی انجن آواز دے رہا ہے،اس کے رنگ پسٹن اور پلگ میں کچرا پھنسا ہوا ہے، پی ٹی آئی لائن و لینتھ سے باہر ہونے والوں کو گراؤنڈ سے باہر کررہی ہے تو سوچ سمجھ کر کررہی ہوگی، پیپلز پارٹی کی سیاست سندھ سے باہر نہیں ہے ،طالبان مذاکرات اور اتحادی حکومت کی طرف جائیں گے، ابھی تک افغان مہاجرین کا رخ پاکستان کی طرف نہیں ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سینئر صحافی و تجزیہ کار سہیل وڑائچ اور سینئر تجزیہ کار حسن نثار سے بھی گفتگو کی گئی۔سہیل وڑائچ نے کہا کہ قائد اعظم پاکستان میں پارلیمانی نظام قائم کرکے گئے اس کے بعد مارشل لاء سے خرابیاں پیدا ہوتی گئیں، پاکستان کے مسائل کا حل صرف پارلیمانی جمہوریت میں ہی ہے،پاکستان میں سیکیورٹی اسٹیٹ اور فلاحی اسٹیٹ کے نظریے غلط بحث کا شکار ہوگئے، پاکستان میں پہلے سماج بدلے گا پھر لیڈر آئے گا۔حسن نثار نے کہا کہ یو م آزادی اور جشن آزادی منانا آج صرف ایک رسم رہ گئی ہے، میرے نزدیک جشن آزادی سے زیادہ جنگ آزادی کی ضرورت ہے، 14 اور 15اگست کی رات کو ہمیں جو آزادی ملی وہ فوری طور پر اغوا ہوگئی، آج تک کسی نے مغویہ کے اغوا کی ایف آئی آر بھی درج نہیں کرائی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نےکہا کہ پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہوچکی ہے، پچھلے آٹھ مہینے میں پی ڈی ایم صرف ایک جلسہ کرسکی ہے، مریم نواز کے بیٹے کے نکاح کی تاریخ اور دعوت نامہ میڈیا میں بریکنگ نیوز کے طور پر چلتی ہے، اپوزیشن نااہل اور تھکی ہوئی ہے ،اپوزیشن کا سیاسی انجن آواز دے رہا ہے،اس کے رنگ پسٹن اور پلگ میں کچرا پھنسا ہوا ہے، عمران خان لکی آدمی ہے اسے اپوزیشن کی نالائقیاں سوٹ کرتی ہیں،عمران خان اپنی مدت پوری کرے گا،اپوزیشن کچھ بھی کرلے عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنے ان لوگوں کو جو لائن و لینتھ سے باہر ہوئے انہیں گراؤنڈ سے باہر کررہی ہے تو سوچ سمجھ کر کررہی ہوگی، بلاول ابھی بچہ ہے اسے بچ کر کھیلنا چاہئے، ملک میں انتشار و خلفشار کی گنجائش نہیں ہے یہ سب پھنس جائیں گے، اگلے سو دنوں میں اس خطے میں دنیا کی سب سے اہم سیاست ہونے جارہی ہے، پاکستان کی سیاست کے سو دن اہم ہیں، اپوزیشن جتنے جلسے جلوس کرلے اسے کوئی پذیرائی نہیں ملے گی۔ شیخ رشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست سندھ سے باہر نہیں ہے ، پاکستان کیخلاف میڈیا میں وار چل رہی ہے جس میں انڈیا اور این ڈی ایس ملوث ہیں، طالبان خانہ جنگی کرتے نظر نہیں آرہے ، طالبان مذاکرات اور اتحادی حکومت کی طرف جائیں گے، پاکستان نے افغان سرحد پر باڑ لگائی اس لئے ہم پر ملبہ ڈالا جارہا ہے، ابھی تک افغان مہاجرین کا رخ پاکستان کی طرف نہیں ہے، افغان مہاجرین ایران کے ذریعہ ترکی اور یورپ کی طرف جانا چاہتے ہیں، افغان طالبان کی آخر میں داعش سے لڑائی ممکن ہے۔