اسلام آباد (ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس احمدعلی شیخ نے بطورایڈہاک جج سپریم کورٹ حلف نہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹس احمد علی شیخ نے صدر مملکت اورچیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کو خط لکھا جس میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ میں ایڈہاک جج تعیناتی کیلئے چیف جسٹس ہائیکورٹ کی منظوری ضروری ہے اور میں بطور ایڈہاک تعیناتی سے اپنے تین خطوط کے ذریعے معذرت کرچکا ہوں۔ انہوںنے کہا کہ ایڈہاک جج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن غیرقانونی ہے لہٰذا سپریم کورٹ میں کل ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں حلف نہیں لوں گا۔ دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک سال کیلئے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی بطور ایڈہاک جج سپریم کورٹ تعیناتی کی منظوری دی ہے۔