کوئٹہ+لورالائی (خ ن)عوام کو معیاری اور ملاوٹ سے پاک اشیاءخوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کوئٹہ اور لورالائی میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جاری کارروائیوں کے دوران 22 مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے۔ لورالائی میں بی ایف اے زونل فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عتیق الرحمان کے ہمراہ بی آر سی کالج لورالائی کا دورہ کیا اور کالج کی مرکزی کینٹین کا معائنہ کیا۔ صفائی کے ناکافی انتظامات و مختلف وجوہات پر کینٹین سپروائزر کو وارننگ نوٹس جاری کیا گیا جبکہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات کی گئی۔ کینٹین سپروائزر نے آئندہ حفظان صحت کے اصولوں و بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ایس او پیز پر من و عن عمل درآمد اور طلباء کو صاف و تازہ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی۔مزید برآں بی ایف اے زونل فوڈ سیفٹی ٹیم نے لورالائی شہر میں متفرق اشیاء خورد و نوش کے مراکز کی چیکنگ کے دوران 9 گوشت کی دکانوں ، 3 ہوٹلوں ، ایک جنرل سٹور اور ایک فروٹ شاپ پر مختلف وجوہات و مجموعی طور پر حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد جبکہ 18 مراکز کو وارننگ نوٹسز جاری کئے۔علاوہ ازیں کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کھانے پینے کے مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے بی ایف اے حکام نے ہزار گنجی میں 7 ہوٹلوں کو صفائی کی ابتر صورتحال ، گاہگوں کو گندے برتنوں میں کھانا دینے ،کھانوں میں غیر معیاری و مضر صحت فوڈ کلرز کے استعمال اور ہوٹلوں میں مکھیوں کی بھرمار پر جرمانہ کردیا ، اسی طرح جوائنٹ روڈ میں ایک جنرل سٹور کو بھی زائد المیعاد خوردنی اشیاء اور غیر معیاری فوڈ کلرز کی موجودگی پر جرمانہ کیا گیا۔