فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکارہ و میزبان یاسر حسین نے مینارِ پاکستان واقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عورت کو چاند پر ہونا چاہیے کیونکہ وہ زمین پر محفوظ نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری کی گئی اسٹوری میں یاسر حسین نے کہا کہ نیل آرم سٹرانگ کی جگہ چاند پر جانے والا پہلا انسان کوئی عورت ہونی چاہیے تھی۔‘
یاسر حسین نے کہا کہ ’چاند پر عورت جاتی تو وہ محفوظ ہوتی کیونکہ زمین پر اُسے تحفظ نہیں۔‘
اداکار نے مزید کہا کہ ’مرد تو چاند پر کیا زمین پر بھی بادشاہ بن کر بیٹھا ہے۔‘
اُنہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ہیش ٹیگ مینارِ پاکستان کا بھی استعمال کیا۔
مینارِ پاکستان واقعہ ہے کیا؟
لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں یومِ آزادی کے موقع پر خاتون ٹک ٹاکر سے دست درازی کا خوفناک واقعہ 3 روز بعد سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آیا۔
سیکڑوں نوجوانوں نے ٹک ٹاکر عائشہ اکرم اور اس کے ساتھیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور کپڑے پھاڑ دیے جبکہ پولیس واقعہ سے بے خبر رہی۔
فوٹیجز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر پولیس نے 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کیخلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔