حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآبادتعلیمی بورڈ نے میٹرک اور انٹر کے امتحانات کی کاپیاں چیک کرنے کے لئے ہوم اسسمنٹ نظام ختم کرکے اس کو سینٹرلائز کرنے اور ایس ایس سی کی کاپیاں ایچ ایس سی کے انداز میں کورڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پہلی مرتبہ ٹنڈو الہ یار‘ ماتلی اور جام شورو اضلاع میں بیک وقت اسسمنٹ شروع کرائی جارہی ہے ۔تفصیلات کے مطابق تعلیمی بورڈ کی طرف سے ایس ایس سی کی اسسمنٹ کا آغازکیا جارہا ہے۔ اس موقع پر پہلی مرتبہ بورڈ میں ہیڈ ایگزامنرز سے تجرباتی کاپیاں چیک کرائی گئیں جس کے ذریعے انہیں منتخب کیا گیا یہ ایکسر سائز اس لئے کرائی گئی کہ بورڈ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایس ایس سی کی کاپیاں ایچ ایس سی کے انداز میں کورڈ کی جارہی ہیں‘ اس کی تفصیل بتاتے ہوئے ناظم امتحا نات ڈاکٹر مسرور احمد زئی نے بتایا کہ بورڈ نے اس سال سے ہوم اسسمنٹ ختم کردی ہے اور اب اساتذہ میٹرک اور انٹر کے پرچے چیک کرنے کیلئے بورڈ آفس آئینگے جبکہ پہلی مرتبہ تین مختلف اضلاع ٹنڈو الہ یار‘ ماتلی اور جامشورو میں بیک وقت اسسمنٹ شروع کرائی جا رہی ہے اس سے قبل صرف حیدرآباد بورڈ میں اسسمنٹ ہوتی تھی فاصلوں و دیگر اضلاع کے قابل ذکر اساتذہ اسسمنٹ میں شرکت کرنے میں تامل برتا کرتے تھے یہی وجہ ہے کہ اسسمنٹ اچھے اساتذہ کی توجہ سے محروم رہتی تھی۔ اس مرتبہ اسسمنٹ کا معیار بلند کرنے کے لیے ہیڈ ایگزامنرز سے بھی تجرباتی کاپیاں چیک کرائی گئی ہیں جس کے ذریعے ہر مضمون سے متعلق ہیڈ ایگزامنرز کو منتخب کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر مسرور احمد زئی نے کہا کہ اب ری ٹوٹلنگ کا مسئلہ بھی بڑی حد تک ختم ہوجائے گا کیوں کہ اس مرتبہ اسسمنٹ کے دوران ہی اسکروٹ نایئزر رکھا جارہا ہے جو ہر کاپی کو چیک کرے گا اور ری ٹوٹلنگ بھی کرتا جائے گا۔