کراچی، لاہور (ٹی وی رپورٹ، نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کے نکاح کی تقریب اتوار کو لندن کے مقامی ہوٹل میں ہوئی۔ نکاح کی تقریب میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت خاندان کے قریبی افراد شریک ہوئے۔شادی کی خوشی میں جاتی امراء رائے ونڈمیں بھی تقریب کااہتمام کیا گیا۔ مریم نواز، انکی بیٹی مہرالنساء، شہباز شریف ، حمزہ شہباز اور دوسرے شرکا ء نے لندن کی تقریب میں آن لائن شرکت کی۔ جاتی امراء میں تقریب کےلئے میڈیا کو مدعو نہیں کیاگیا تھا۔ جنید صفدر کا نکاح سیف الرحمان کی بیٹی سے ہوا۔ تقریب میں دیگر مہمانوںنے بھی شرکت کی۔ دریں اثناءپاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کے بیٹے کے نکاح کے موقع پر دلہے جنید صفدر اور والد سابق وزیراعظم نواز شریف کی تصاویر سامنے آگئیں۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دلہے جیند صفدر کالے پینٹ کوٹ میں پہنے ہوئے ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف بھی ماسک پہنے نواسے کے نکاح میں شریک ہیں۔