کراچی (ٹی وی رپورٹ)سربراہ کامیاب جوان پاکستان عثمان ڈارنے کہا ہے کہ مریم نواز کو پیغام دیتا ہوں چا چا جی کو عزت دو حالات کچھ بہتر ہوجائیں گے،مریم نواز کے بیٹے کی شادی پر پی ٹی آئی نے احتجاج کیلئے کسی کو نہیں بھیجا تھا، آصف زرداری نواز شریف سے زیادہ بیمار ہیں لیکن ان کا علاج پاکستا ن میں ہی ہورہا ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو اور ن لیگ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطاء تارڑ بھی شریک تھے۔مولابخش چانڈیو نے کہا کہ لوگ سمجھتے تھے عمران خان اقتدار میں آکر گھسا پٹا نظام بدلیں گے لیکن سب الٹ ہوا، عثمان ڈار چاچا جی کو عزت دو کا پیغام دے کر لائن دے رہے ہیں، یہ اپنے بندے کا تذکرہ کررہے ہیں کہ اب چاچاجی کو احترام دو،یہ نواز شریف کی سیاست خراب کرنا چاہتے ہیں لیکن لوگ نہیں مانیں گے۔عطاء تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کے بہت سے لوگ ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں،شاہ محمود قریشی جان کر ایسے بیانات دے رہے ہیں جس سے عمران خان شرمندہ ہوں، پی ٹی آئی کی کشتی ڈوبے گی تو شاہ محمود قریشی کودنے والا پہلا شخص ہوگا،نواز شریف باہر اپنا علاج بھی کروارہے ہیں پی ٹی آئی کا بھی کررہے ہیں۔سربراہ کامیاب جوان پاکستان عثمان ڈار نےکہا کہ مریم نواز کے بیٹے کی شادی پر پی ٹی آئی نے احتجاج کیلئے کسی کو نہیں بھیجا تھا، ہم چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں ہمارے پاس اتنا وقت نہیں کہ شادیوں کے باہر نعرے بازی کیلئے لوگ بھیجیں، شریف خاندان کی کرپشن پر عوام نے ووٹ کی طاقت سے ان کیخلاف فیصلہ دیدیا ہے،پی ٹی آئی کے ووٹر سپورٹرز کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ کرپٹ سیاستدانوں کیخلاف فیصلہ ہمیں عوام پر چھوڑ دینا چاہئے، وزیراعظم عمران خان نے کسی سطح پر ایسے واقعات کی حوصلہ افزائی نہیں کی ہے۔عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قوم کو شعور دیا اسی لیے ہم 70لاکھ سے ڈیڑھ کروڑ ووٹوں پر پہنچے، تحریک انصاف عمران خان کے 126کے دھرنے سے ہی ابھری ہے۔