یورپین یونین نے افغانستان کی انسانی امداد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
اس بات کی تصدیق یورپین کمیشن میں ہیومینیٹرین ایڈ کے ترجمان بلاز یواری نے آج برسلز میں کی۔
ترجمان نے کہا کہ یورپین یونین نے افغان عوام کے مسائل اور تکالیف کو پیش نظر رکھتے ہوئے افغانستان کے عوام کے لیے انسانی امداد کی فراہمی کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لیکن یہ امداد افغان گورنمنٹ کو براہ راست نہیں دی جائے گی بلکہ اسے دیگر پارٹنر اداروں کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا۔
یونین نے 2021 کے لیے افغانستان میں عوام کے لیے 57 ملین یورو کا پہلے ہی سے اعلان کیا ہوا تھا۔ جسے کابل میں طالبان کے کنٹرول کے بعد روک دیا گیا تھا۔
جبکہ اس کے ساتھ ہی یورپین یونین نے پاکستان اور ایران میں موجود افغان مہاجرین کی سہولت کے لیے 22 ملین یورو کی امداد کا علیحدہ سے اعلان کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپین وزیر خارجہ جوزپ بوریل سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے اپیل کی تھی کہ اس مشکل وقت میں افغان عوام کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔