کوئٹہ/ لورالائی (نمائندگان جنگ) لورالائی کے علاقے کوہار ڈیم میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 7 دہشتگرد ہلاک تین فرار ہوگئے ۔ سی ٹی ڈی نے دہشتگردوں کے زیر استعمال کمپائونڈ سے اسلحہ وگولہ بارود، پاکستانی اور افغانی کرنسی برآمد کرلی ۔ کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کے سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی حکام کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ایک کالعدم تنظیم کے دہشتگرد افغانستان سے آنے والے دہشتگرد ضلع لورالائی کے علاقے کوہار ڈیم میں موجود ہیں اور دہشت گرد حساس تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں اس اطلاع پر بدھ کی شب سی ٹی ڈی نے دہشتگردوں کے زیر استعمال کمپائونڈپر کو گھیرے میں لے کردہشتگردوں کو ہتھیار ڈالنے کا کہا تاہم وہاں موجود دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کی، سی ٹی ڈی کی جوابی کارروائی میں سات دہشتگرد ہلاک جبکہ تین دہشتگرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے ، ذرائع کے مطابق مارے جانے والے دہشتگروں میں چار کی شناخت صدام حسین ، عبدالغنی ، عبدالہاداور امیر جان کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ دیگر کی شناخت کی جارہی ہے ۔ سی ٹی ڈی نے دہشتگردوں کے زیر استعمال کمپائونڈ سے تین ایس ایم جی ،270 رائونڈ ، چار ٹی ٹی پستول بمعہ 100 رائونڈ ، دس کلو دھماکا خیز مواد، 12.7 ایم ایم کے ایک ہزار رائونڈ، پاکستانی اور افغانی کرنسی برآمد کرکے قبضہ میں لے لی ۔ فرار ہونے والے دہشتگردوں کی گرفتار ی کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی گئی ہے ، واقعہ کا مقدمہ سی ٹی ڈی لورالائی تھانے میں درج کیا گیا ہے ، مارے جانے والے دہشتگرد صوبے کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز پر حملوں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔