• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کل تحریک انصاف اپنی تین سالہ کارکردگی کے سلسلے میں تقریبات میں مصروف ہے، ظاہر ہے حکومتی وزراء اور ترجمان اسے شاندار کارکردگی کہیں گے لیکن اگر حقیقت کی آنکھ سے دیکھا جائے تو اس شاندار کارکردگی میں اب بھی چند پہلو توجہ طلب ہیں۔ اگر تحریک انصاف نے ان پہلوئوں کی طرف توجہ دی تو اس کے لئے اگلا الیکشن بہت آسان ہو جائے گا اور اگر پی ٹی آئی حکومت عام آدمی کے آنگن میں خوشحالی اور اطمینان کے ثمرات نہ لا سکی تو پھر یقیناً اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی جانچنے کے لئے ہمیں تین چار زاویوں سے جائزہ لینا ہوگا۔ ہمیں دیکھنا پڑےگا کہ وہ سیاسی طور پر کہاں کھڑی ہے، سماج میں اس سے متعلق کیا رائے ہے، کارکردگی کا جائزہ لینے والے اداروں کی رپورٹیں کیا کہہ رہی ہیں، داخلی اور خارجی محاذ پر تحریک انصاف کی حکومت نے ابھی تک کیا کام دکھایا ہے؟

سیاسی اعتبار سے پی ٹی آئی کا سفر کامیابی سے جاری ہے گزشتہ تین سال میں سیاسی مخالفین کمزور ہوئے ہیں، آپس میں الجھے ہیں اور کسی بھی سطح پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے میں بری طرح ناکام رہے ہیں، پی ٹی آئی کی خوش قسمتی ہے کہ مخالف سیاسی جماعتوں کاسفر تنزلی کی طرف جاری ہے۔ اس کی چند نشانیاں حالیہ انتخابی معرکوں میں نظر آئی ہیں، تحریک انصاف جن علاقوں میں کمزور تھی وہاں سے اس کا ووٹ بینک بڑھا ہے۔ اب تحریک انصاف سینٹرل پنجاب میںمضبوط ہوتی نظر آرہی ہے۔ مخالفین دعوے تو بہت کرتے ہیں مگر وہ گلگت بلتستان کا الیکشن ہار جاتے ہیں، آزاد کشمیر میں انہیں شکست کا سامنا کرناپڑتا ہے۔ پی ٹی آئی کی سب سے بڑی مخالف پارٹی ن لیگ وسطی پنجاب کے ان حلقوں سے ہار رہی ہے جہاں پچھلے چالیس سال سے ان کا راج تھا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اب سوائے صوبہ سندھ کے ہر جگہ عمران خان کی حکومت ہے۔ اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ عمران خان نہ ایوب خان کے راستےسیاست میں آیا اور نہ یہ ضیاء الحق کی سرپرستی میں بلکہ عمران خان کو اپنی بائیس سالہ جدوجہد میں رکاوٹوں کے علاوہ مخالفتوں اور سازشوں کا بھی مقابلہ کرنا پڑا۔ لاہور میں اس کو گرایا جانا ایک گہری سازش تھی، یہ ایسی سازش تھی کہ عمران خان اٹھ ہی نہ سکے، قدرت نے اسے ہمت دی اور وہ پہلے سے زیادہ بڑاخطرہ بن کر مخالفین کے سامنے آیا، اس نے پاکستان کے بڑے سیاسی بتوں کو توڑا۔ کچھ تو بہانے بنا کر ملک سےبھاگ گئے جو رہ گئے ، وہ پریشان ہیں کہ آخر کریں تو کیا ؟ وہ سوچتے ہیں کہ ہم نے تو اسے ایک ایسا ملک دیا تھا جو دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، یہ معیشت کی کشتی کو بھنور سے کیسے نکال لایا ؟ خیر میں تو سیاست کی بات کر رہا تھا، سیاست میں مخالفین کو پچھاڑ کے رکھ دینے والے عمران خان کی اگلی منزل سندھ ہے، جہاں پیپلز پارٹی کا راج ہے مگر پیپلز پارٹی کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ عمران خان نے وفاق کی سطح پر ہی نہیں دوسری جگہوں پر بھی سیاسی بتوں کو توڑا ہے، اس نے پنجاب،خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں پسماندہ علاقوں سے وزرائے اعلیٰ سامنے لا کر مخالفین کے علاوہ اپنی پارٹی کے لوگوں کوبھی حیران کردیا، یہی رویہ آزاد کشمیر میں اپنایا۔

پی ٹی آئی سے متعلق سماجی رویہ وقت کےساتھ ساتھ درست ہوتا جا رہا ہے۔ لوگوں کا خیال ہےکہ عمران خان ملک کو درست کر لے گا۔ لوگوں کو ان پالیسیوں سے بھی اتفاق ہے لیکن ساتھ ہی لوگ مہنگائی کے قصے بھی سناتے ہیں، عمران خان اگر اور زیادہ مقبول ہونا چاہتے ہیں تو انہیں مہنگائی کے عفریت پرقابو پانا ہوگا۔

داخلی محاذ پر یہ بات درست ہے کہ عمران خان کی حکمت عملی کےباعث ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا، آج زرمبادلہ کے مناسب ذخائر ہمارے پاس ہیں، ہماری برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، ٹیکس اکٹھا کرنے کی شرح بڑھی ہے، ہماری جی ڈی پی کی شرح بڑھی ہے، پاکستان نےبہت سی چیزیں بنانا شروع کردی ہیں۔ ہماری برباد شدہ ٹیکسٹائل انڈسٹری چل پڑی ہے، اب اس کے پاس دنیا بھر سےآرڈرز ہیں، مزدوروں کے لئے روزگار کے دروازے کھل گئے ہیں، کسان پی ٹی آئی کی پالیسی کو پسندیدگی کی نگاہوں سے دیکھ رہا ہے، کسان خوشحال ہوا ہے، ملک میں زرعی انقلاب لانے کے لئے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ جونہی مڈل مین کا کردار ختم ہوگا تو اشیائے ضروریہ لوگوں کے لئے سستی ہو جائیں گی۔ ملک میں نئے جنگلات لگائے جار ہے ہیں، ڈیمز بن رہے ہیں،صحت کارڈ تقسیم ہو رہے ہیں، یکساں نصاب اپنانے کی پالیسی کو لوگ بہت پسند کر رہے ہیں۔ اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ عمران خان قومی لباس اور قومی زبان کو رواج دینے کی پالیسی پر گامزن ہیں مگر ملکی سسٹم میں خرابیوں کو دور کرنے کے لئے انہیں اس گلے سڑے نظام کو بدلنا پڑے گا، انہیں جوڈیشل سروس بھی بنانا پڑے گی، انہیں مقابلے کےامتحان بھی اپنی زبان میں کروانا ہوں گے، عام آدمی کی عزت کو بحال کرنا ہوگا، کرپشن کے بارے میں باتیں ہوتی ہیں جو اس دور میں بھی نہیں رک سکیں، انہیں ختم کرنا ہوگا، عمران خان غلامی کی زنجیریں توڑ کر قوم کی ترجمانی کر رہا ہے جب اس کی حکومت آئی تھی تو پاکستان خارجی سطح پر تنہائی کا شکار تھا لیکن آج عمران خان کی تین سالہ حکومت کےبعد پاکستان عالمی سطح پر انتہائی اہم بن چکا ہے، افغانستان کی حالیہ صورتحال پر ہمارا دشمن دھول چاٹ رہا ہے اور ہم دنیا کے لوگوں کو کابل سے نکا ل رہے ہیں، دنیا کےبیشتر ملکوں کے سربراہ ہمیں فون کر رہے ہیں، خارجہ محاذ پر کامیابیاں درست، سیاحت، زراعت، صنعت، ثقافت اور تعمیرات کی طرف دھیان تشفی آمیز مگر بے روزگاروں کو روزگار چاہیے، لوگوں کو زندگیوں میں آسانی چاہیے، لوگوں کوگھر اور گھر کے آنگن میں خوشحالی چاہیے۔ بقول علامہ اقبال:

آئین نو سے ڈرنا، طرز کہن پہ اڑنا

منزل یہی کٹھن ہے قوموں کی زندگی میں

تازہ ترین