اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) سی پیک پارلیمانی کمیٹی نے متعلقہ محکموں کو گوادر میں متاثرہ گھروں اور ایکوائر کی گئی زمین کے مالکان کو ادائیگیوں کا عمل تیز کرنےکی ہدایت کی ہے، سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن نے بتایا کہ نیو گوادر ائیر پورٹ ستمبر 2023 تک مکمل فعال ہو جائیگا، کمیٹی نے چین کی طرف سے سی پیک فریم ورک کے تحت سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کیلئے فراہم کئے گئے ایک ارب ڈالر کو موثرانداز میں استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزارت پلاننگ ، ڈویلپمنٹ اینڈ سپیشل انیشیٹیو کو ایک جامع فریم ورک بنانے کی ہدایت کی تا کہ صوبے ایسے منصوبوں کا انتخاب کر سکیں جن سے حقیقی معنوں میں سماجی و اقتصادی ترقی ممکن ہو، کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس شیر علی ارباب کی زیر صدارت ہوا،اعلامیہ کے مطابق سیکرٹری پلاننگ ڈویلپمنٹ اینڈ سپیشل انیشیٹیو ، سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن ، سیکرٹری میری ٹائم افیئرز ، چیئرمین واپڈا ، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ خبیر پختونخوا ، چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی ، ڈی جی گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام نے چشمہ رائٹ بنک کنال (ڈی آئی خان) اور عملدرآمد رپورٹ بارے بریفنگ دی۔