• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشریٰ انصاری کو ملکہ ترنم کی یاد ستانے لگی

1978ء سے شوبز انڈسٹری پر راج کرنے والی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کی  جانب سے ملکہ ترنم میڈم نور جہاں کو انوکھے انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

بشریٰ انصاری نے اپنی سُریلی آواز میں ملکہ ترنم میڈم نور جہاں کا مشہور گیت ’جا جا وے تینوں دل دیتا‘ گنگنا کر اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔


اداکارہ نے اپنی یہ ویڈیو اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بشریٰ انصاری بڑی ہی خوبصورتی سے میڈم نور جہاں کا گیت گنگنا رہی ہیں۔

بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’وہ میڈم نور جہاں کو بہت زیادہ یاد کررہی ہیں۔‘

ایک منٹ پر مشتمل اس ویڈیو کو اب تک کئی صارفین لائک کرچکے ہیں جبکہ اداکارہ کے لیے تعریفی تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دوسری جانب بھارتی صحافی کی جانب سے بھی بشریٰ انصاری کی گلوکاری کی تعریف کی گئی۔

خیال رہے کہ بلھے شاہ کی نگری قصور میں آنکھ کھولنے والی اللہ وسائی نے بڑے ہو کر نور جہاں کے نام سے شہرت پائی،اداکاری ہو یا گلوکاری نورجہاں کا انداز شاندار، منفرد اور ہر دیکھنے والے کی پسند کا حصہ رہا۔

نورجہاں نے سدابہار آواز کے ساتھ بچپن میں ہی گلوکاری اور اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور 74 سالہ کیرئیر میں مختلف زبانوں میں تقریباً 20 ہزار سے زائد گیتوں کو اپنی آواز سے یادگار بنایا۔

ملکہ ترنم نے اردو، پنجابی، فارسی، بنگالی، پشتو، سندھی اور ہندی زبان میں تقریباً ہزاروں گانے گائے اور ہر طرف دھوم مچادی، میڈم نور جہاں 2000ء میں ہمیشہ کے لیے ہم سے بچھڑ گئیں لیکن اُن کی آواز آج بھی چاہنے والوں کے کانوں میں رس گھولتی رہے گی۔

تازہ ترین