• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر بھٹو کے ہمراہ بشریٰ انصاری کی یادگار تصویر

پاکستان کے متعدد ڈراموں میں حیرت ا نگیز اداکاری کرکے کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری اور پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن اور سابقہ وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی نایاب تصویر سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئی ہے۔

اکثر سوشل میڈیا پر ماضی کی حسین یادیں مداحوں کے ساتھ شیئر کرنے والی نامور اداکارہ بشریٰ انصاری نے اس مرتبہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

اس حوالے سے بشریٰ انصاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے ہمراہ اپنی وہ نایاب تصویر شیئر کی ہے جو سال 1989میں لی گئی تھی۔


مذکورہ تصویر میں شہید محترمہ بےنظیر بھٹو نے سفید رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا ہے اور وہ ہاتھ میں کتاب لیے اپنے ارگرد موجود اسکول کے طلباء کو کچھ پڑھاتی نظر آرہی ہیں۔

دوسری جانب بشریٰ انصاری گلابی رنگ کے لباس میں ملبوس ہیں جبکہ اداکارہ ہمیشہ کی طرح مُسکرا رہی ہیں۔

بشریٰ انصاری نے انسٹاگرام پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’سال 1989 کی یادیں شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کے ساتھ۔‘

اس سے قبل بشریٰ انصاری نے اردو شاعری کو ایک نئی جہت دینے والے بھارت کے مشہور شاعر، نغمہ نگار اور ہدایتکار گلزار صاحب کے ساتھ اپنی ایک یادگار تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔


اداکارہ نے تصویر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ یہ تصویر اُس وقت کی ہے جب اُنہوں نے بھارت کا دورہ کیا تھا۔

اُنہوں نے کہا تھا کہ یہ تصویر گلزار صاحب کے گھر ممبئی میں لی گئی تھی۔

واضح رہےکہ شہید بے نظیر بھٹو 21جون 1953ءمیں پیدا ہوئیں، ایک دلیر اور بہادر خاتون کی حیثیت سے انہوں نے نو عمری ہی میں سیاست میں قدم رکھ دیا تھا اور پیپلز پارٹی جو اس وقت ملک کی واحد بڑی سیاسی جماعت تھی اس کو زندہ رکھا ان کے لہجے اور انداز میں وہی درد وہی عوامی ہمدردی اور شعلہ بیانی تھی جو اُن کے باپ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی تقاریر میں ہوا کرتی تھی۔

شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنے بہادر باپ کی طرح تاریخی جلسے کئے اور عوام کے دلوں کو اپنی طرف مائل کر لیا۔ انہوں نے دو دفعہ پاکستان کی وزارت عظمیٰ کا قلمدان سنبھالا ان کے ادوار حکومت میں عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ مضبوط ہوئی اور پاکستان کا وقار بلند ہوا اور خارجہ پالیسی متوازن رہی۔

شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی مسلم خاتون وزیراعظم تھیں جن کے دور حکومت میں پاکستان کے افغانستان کے ساتھ آئیڈل تعلقات تھے۔

تازہ ترین