کابل، واشنگٹن، لندن،پیرس،تہران(اے ایف پی، جنگ نیوز، خبرایجنسیاں) ننگرہار میں امریکی ڈرون حملہ،کابل دھماکے کا ماسٹرمائنڈ سہولت کار ساتھی سمیت ہلاک، پنجشیر میں طالبان کی پیشقدمی، جنگ کے بادل منڈلانے لگے، متصل پہاڑوں اور چوٹیوں پرطالبان کے مورچے قائم،طالبان کانگراں حکومت بنانے کا فیصلہ، 12نام زیر غور، قبائلی رہنما بھی شامل ہونگے۔
ملٹری ونگ کے سربراہ ملا یعقوب کابل پہنچ گئے ،شیخ عبدالباقی حقانی اعلیٰ تعلیم کے قائم مقام وزیر، بشیر احمد رستمزئی اسپورٹس فیڈریشن کے ڈائریکٹر مقرر، 5ہزار کےقریب افغان مہاجرین اٹلی پہنچ گئے۔
طالبان حکومت کومشروط تسلیم کرنے کیلئے برطانیہ اور جرمنی میں صلاح مشورہ، فرانس، ترکی اور برطانیہ کا انخلا بھی مکمل،طالبان نےشہریوں کو اسلحہ کی واپسی کی ہدایت کردی، ادھرامریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ آئندہ 24سے36گھنٹےمیں کابل ایئرپورٹ پرایک اورحملےکاخطرہ ہے،کابل ایئرپورٹ پر دہشت گرد حملے کا خطرہ زیادہ ہے۔
امریکی ملٹری کمانڈرزنےبریفنگ میں خدشہ ظاہر کیا ہے، افغانستان میں زمینی صورتحال انتہائی خطرناک ہوتی جارہی ہے،داعش خراساں کوڈرون کانشانہ بنایاگیا،یہ آخری حملہ نہیں جبکہ ایرانی سپریم لیڈر نےکہاہےکہ طالبان سے تعلقات کا انحصار ان کے رویے پر ہوگا۔
غیرملکی خبررساںادارے کےمطابق پنٹاگون کا کہنا ہے کہ کابل ہوائی اڈے پر خودکش حملے میں ملوث داعش کا ایک منصوبہ ساز اور اسکا ساتھی سہولت کار امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے کیپٹن بل اربن نے ایک بیان میں کہا،’’ ڈرون حملہ افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں کیا گیا اور ابتدائی اشارے ہیں کہ ہم نے ہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا۔‘‘
ہم جانتے ہیں کہ اس حملے میں کوئی شہری ہلاک نہیں ہوا ہے،امریکی وزارت دفاع کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ صدر بائیڈن نے ڈرون حملے کی اجازت دی اور وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کے حکم پر یہ کارروائی انجام دی گئی۔دوسر ی جانب طالبان نے افغانستان کے صوبے پنجشیر میں مختلف اطراف سے پیش قدمی شروع کردی ہے جس کے بعد وہاں جنگ کے بادل ایک بار پھر منڈلانے لگے۔
رپورٹس کے مطابق طالبان اور وادی پنجشیر کے معززین کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور اب تک کوئی بریک تھرو نہیں ہوا ہے،دوسری جانب طالبان نے ایک بار پھر وادی پنجشیر میں پیشقدمی کی ہے اور طالبان جنگجوؤں نے وادی سے متصل پہاڑوں اور چوٹیوں پر مورچے قائم کرلیے ہیں۔
افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگجوؤں کے دستے مختلف سمتوں سے وادی پنجشیر میں داخل ہوگئے ہیں۔طالبان کے ثقافتی کمیشن کے رکن امان اللہ کا کہنا تھاکہ وادی میں داخلے کے وقت کسی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا تاہم وادی پنجشیر کی مزاحمتی فورس کے رکن نے طالبان کے ان دعوؤں کی تردید کی ہے۔
مزاحمتی فورس کے مذاکراتی وفد کے رکن محمد الماس زاہد نے بتایا کہ پنجشیر میں کوئی لڑائی نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی داخل ہوسکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو سنگین نتائج سامنے آئیں گے، اس سے جنگ اور غیرملکی مداخلت کا راستہ کھلے گا۔
پنجشیر میں مزاحمتی فورس کی قیادت سابق جہادی کمانڈر احمد شاہ مسعود کے جواں سال بیٹے احمد مسعود کررہے ہیں جبکہ گزشتہ دنوں احمد مسعود نے اعلان کیا تھاکہ طالبان کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے بجائے مرنا پسند کروں گا۔ادھر طالبان کی جانب سے افغانستان میں نگراں حکومت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کابینہ کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے۔
طالبان شوریٰ کے رکن کے مطابق نگراں حکومت میں تمام قبائلی رہنماؤں اور طالبان کمانڈرز کو شامل کیا جائے گا اور ابتدائی طورپر 12 ناموں پرغور کیا جارہا ہے،شوریٰ رکن نے بتایا کہ عدلیہ، داخلی سلامتی، امورخارجہ اور دفاع کیلئے تقرریاں کی جائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے ملٹری ونگ کے سربراہ ملایعقوب بھی قندھار سے کابل کیلئے روانہ ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب رپورٹس کے مطابق امریکا بھی نئی انتظامیہ میں حامد کرزئی اور عبداللہ عبداللہ سمیت سابقہ حکومتوں کے بعض ارکان کی شمولیت پر زور دے رہا ہے۔افغان طالبان نے شہریوں کو سرکاری املاک، گاڑیاں اور اسلحہ متعلقہ اداروں کو جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔
ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری سرکاری املاک، گاڑیاں اور اسلحہ ایک ہفتے میں جمع کروا دیں،ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ شہری سرکاری اشیاء ایک ہفتے کے اندر اندر متعلقہ محکموں میں جمع کروا دیں تاکہ وہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔
دوسری جانب طالبان کی جانب سے ہفتے کو شیخ عبدالباقی حقانی اعلیٰ تعلیم کے قائم مقام وزیر، بشیر احمد رستمزئی اسپورٹس فیڈریشن کے ڈائریکٹر مقرر کردیا گیا۔
دوسری جانب برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اس بارے میں بات چیت کی ہے کہ طالبان کے افغانستان میں کنٹرول سنبھالنے کے بعد ان سے کیسے نمٹا جائے،ہفتے کو ایک فون کال میں دونوں رہنماؤں نے تبادلہ خیال کیا، برطانوی ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ’نئی افغان حکومت سے نمٹنے کے لیے جی سیون ممالک کی حکمت عملی پر اتفاق کیا۔‘
’برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ طالبان کو منظور کرنا یا ان سے رابطہ ان شرائط پر مبنی ہونے چاہیے کہ وہ ایسے لوگوں کو محفوظ راستے دیں گے جو ملک چھوڑنا چاہتے ہیں اور انسانی حقوق کا احترام کریں گے۔‘
دریں اثنا ایک طالبان اہلکار، جو امریکہ کے ساتھ امن مذاکرات میں شریک تھا، نے کہا ہے کہ طالبان کے زیر اثر ملک کی سرحدیں کھلی رہیں گے اور غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد جو افغان شہری جانا چاہتے ہیں وہ جاسکیں گے۔
شیر محمد ستانکزئی نے کہا کہ اس سلسلے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی،مستند اور قانونی دستاویزات کے ساتھ یہ لوگ کسی بھی وقت ملک سے باہر جا سکیں گے یا واپس آسکیں گے۔
برطانیہ میں وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ افغانستان سے عام شہریوں کو واپس لانے والی آخری پرواز کابل ایئرپورٹ سے روانہ ہوچکی ہے، اس طرح سویلینز کے انخلا کا آپریشن مکمل ہوچکا ہےتاہم آنے والے دنوں میں برطانوی فوجیوں، سفارتکاروں اور کچھ افغان پناہ گزین کے انخلا کے لیے مزید پروازیں اڑائی جائیں گی۔
برطانوی فوج کے سربراہ جنرل سر نِک کارٹر کا کہنا ہے کہ وہ تمام مستحق افراد کو ریسکیو نہیں کرسکے جس پر انہیں افسوس ہے، وہ کہتے ہیں کہ ایسے سیکڑوں افغان شہری جو برطانیہ آنے کے مستحق ہیں وہ اب بھی افغانستان میں موجود ہیں۔
جمعہ کوفرانس کی وزیر دفاع فلورنس پارلے نےایک پیغام میں کہا کہ فرانس نے افغانستان کے دارالحکومت کابل سے اپنا انخلاء آپریشن مکمل کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فرانس ان لوگوں کی مدد جاری رکھے گا جنہیں افغانستان سے نکلنے کے لیے تحفظ کی ضرورت ہے۔