اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے نیٹو افواج سے وابستہ ہزاروں افراد کی افغانستان سے پاکستان کے مختلف شہروں میں منتقلی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قوم کو آگاہ کیا جائے یہ فیصلہ کہاں لیا گیا اور اس کے پیچھے کیا مقاصد اور مضمرات ہیں، قوم نے بلیک واٹر کے نتائج بھگتے ہیں، نیٹو افواج کے ہزاروں افراد کی پاکستان منتقلی سیکورٹی کیلئےخطرناک ہے۔ لاہور کے حلقہ این اے 125میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ حکومت کے اس اقدام سے ملکی سیکورٹی کو خدانخواستہ شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ قوم نے ماضی قریب میں بلیک واٹر جیسے کرائسز کا سامنا کیا ہے اور اس کے نتائج بھی بھگتے ہیں، سراج الحق نے کہا کہ قوم یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہے کہ ان افراد کے ویزہ انٹرویوز کہاں کیے جا رہے ہیں۔