• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گندم کی قیمت میں ڈیڑھ سو روپے فی چالیس کلو گرام اضافہ

اسلام آباد (حنیف خالد) پاکستان میں گندم کی قیمت میں ڈیڑھ سو روپے فی چالیس کلو گرام اضافہ ہو گیا۔ اسکی وجہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے موجودہ صدر عاصم احمد رضا اور سابق صدر افتخار احمد مٹو کے مطابق سرکاری گوداموں سے فلور ملوں کو گندم کا اجراء اب تک نہ ہونا ہے۔ افتخار مٹو نے جنگ کو بتایا کہ گزشتہ برس 6جولائی سے فلور ملوں کو صرف پنجاب میں 4لاکھ ٹن گندم کا کوٹہ دیا جانے لگا تھا مگر اس سال 54روز زیادہ ہو جانے کے باوجود سرکاری گوداموں سے فلور ملوں کو چار لاکھ ٹن گندم کا کوٹہ جاری نہیں کیا گیا جس کے نتیجے میں اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت جو گزشتہ سال 28اگست کو 1980روپے سے 2000روپے فی من تھی‘ 28اگست 2021ء کو ایک سو پچاس سے ایک سو ستر روپے من زیادہ ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری گوداموں سے فلور ملوں کو ستمبر سے مارچ تک چار لاکھ کی بجائے 6لاکھ ٹن ماہانہ کوٹہ دیا گیا‘ اسکے نتیجے میں اوپن مارکیٹ میں نہ گندم کی اور نہ ہی آٹے کی قلت ہوئی۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مذکورہ عہدیداروں نے وزیراعظم عمران خان کو تجویز دی ہے کہ وہ یکم ستمبر 2021ء سے پنجاب کی گیارہ سو فلور ملوں کو سرکاری گوداموں سے پچھلے سال کی طرح گندم کا کوٹہ جاری کرنے کے احکامات جاری کریں کیونکہ گندم کی قیمتیں بڑھنے سے پی ٹی آئی حکومت کی مقبولیت رفتہ رفتہ کم ہوتی جائیگی۔
تازہ ترین