• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیدائشی اداکار کچھ نہیں ہوتا، تربیت کی ضرورت ہوتی ہے، نوازالدین صدیقی

بھارت کے مشہور اداکار نوازالدین صدیقی نے اپنی بیٹی کے مستقبل اور اسکی اداکاری کی صلاحیتوں سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پیدائشی اداکار جیسا کچھ نہیں ہوتا، تربیت کی ضرورت ہوتی ہے۔ 

نوازالدین صدیقی کی بیٹی شورا نے حال ہی میں لندن کے ویسٹ اینڈ اسٹیج تھیٹر سمر اسکول میں "بیوٹی اینڈ دی بیسٹ" نامی میوزیکل پلے میں حصہ لیا اور فخریہ انداز میں والد نے بیٹی کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر بھی کی۔ 

واضح رہے کہ پچھلے مہینے ہی نوازالدین نے اپنی بیٹی کو لندن بھیجا تھا تاکہ وہ اپنے اداکاری کے سفر کا آغاز کر سکے۔ اداکار کا کہنا تھا کہ شورا اداکاری سیکھنے کےلیے بےحد پُرجوش تھی۔

دہلی کے نیشنل اسکول آف ڈرامہ سے اداکاری کی تربیت لینے والے نوازالدین صدیقی سے جب ایک انٹرویو کے دوران سوال کیا گیا کہ وہ اپنی بیٹی کو بین الاقوامی سطح پر تربیت حاصل کرتے دیکھ کر کیسا محسوس کرتے ہیں؟ اس بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا "ظاہر ہے، مجھے اس پر فخر ہے۔ ہر ورکشاپ اور تربیتی ادارہ آپ کو کچھ نہ کچھ نیا سکھا سکتا ہے جس کے بارے میں آپ کو پہلے علم نہ ہو۔ اگر وہ ایک معزز ادارے سے سیکھ رہی ہے، تو یہ اس کے کیریئر کےلیے فائدہ مند ہوگا۔"

54 سالہ اداکار نے اداکاروں کے لیے تربیت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ "میرا یقین ہے کہ تربیت ضروری ہے۔ یہ نہیں کہ آپ بس اٹھ کر آگئے۔ اگر کوئی سنجیدہ اداکار بننا چاہتا ہے، تو وہ کسی نہ کسی ورکشاپ میں حصہ لے گا، چاہے وہ چھوٹی ہو یا بڑی۔"

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے نوازالدین صدیقی کا کہنا تھا کہ "ہر چیز کی ایک مہارت ہوتی ہے اور پیدائشی اداکار جیسا کچھ نہیں ہوتا۔"

انٹرٹینمنٹ سے مزید