قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم مسترد کرچکے، تمام سیاسی جماعتوں سے مل کر پارلیمنٹ میں اس کالے قانون کی مخالفت کریں گے۔
کراچی میں میڈیا تنظمیوں کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی پر قانون سازی کی حکومتی کوشش پوری قوت سے ناکام بنائیں گے، آزاد صحافت، جمہوریت و آئینی آزادیوں کے لیے یہ معاملہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی پر مشترکہ اپوزیشن کو اعتماد میں لیں گے، حساس معاملہ ہے اجاگر کریں گے، شاید حکومتی بینچوں میں کسی کا ضمیر جاگ جائے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اگر اخلاص کا مظاہرہ ہوا تو سینیٹ میں اس کالے قانون کی منظوری روکنا ممکن ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ معاشرے میں جھوٹ، نفرت کا زہر گھولا گیا، میڈیا اس سے بہترطور پر آگاہ ہے، تین برسوں میں میڈیا پر لگنےوالی پابندیوں کی نظیر نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا اتھارٹی پر صحافیوں کے شانہ بہ شانہ ہیں، بھرپور ساتھ دیں گے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ تین سال میں حکومتی بندشوں، قدغنوں سے میڈیا کے بے شمار لوگ بے روزگار ہوگئے، معذرت سے کہتا ہوں عمران نیازی اپوزیشن میں تھے تو میڈیا کے لاڈلے تھے۔