• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی پر اجلاس، افسران نے معطلیاں گنوادیں، کارروائی ناکافی، نتائج بتائیں، وزیراعظم

اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد اور ان کی قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس پیرکو ہوا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ قیمتوں کے استحکام کے ضمن میں اپنی ذمہ داریوں میں لغزش کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے‘اب تک سات اسسٹنٹ کمشنرز، مارکیٹ کمیٹیوں کے دو سیکرٹریز کو معطل جبکہ دو ڈپٹی کمشنر ز کو وارننگ دی جا چکی ہے۔جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ عام آدمی کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے عام آدمی متاثر ہوتا ہے‘ محض انتظامی افسران کے خلاف کارروائی ناکافی ہے، انتظامی اقدامات کے نتائج سامنے آنے چاہئیں تاکہ عوام کو ریلیف میسر آئے‘عمران خان نے چیف سیکرٹریز کو حکم دیا ہے کہ وہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام خصوصا منڈی اور پرچون نرخوں میں غیرمنطقی فرق کو ختم کرنے کے حوالے سے ہرممکنہ انتظامی اقدامات یقینی بنائیں، چینی اور گندم کی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مفصل منصوبہ بندی اور بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔دریں اثناءعمران خان نے کہا ہے کہ چھوٹے او ر درمیانے درجے کے کاروبار(ایس ایم ایز) ملکی معیشت کیلئے بہت اہم ہیں، ماضی میں چھوٹی صنعتوں کو نظر انداز کیا گیا، چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو مراعات اور سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوجائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

تازہ ترین