کراچی (نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے تمام میڈیا ایسوسی ایشنز کی جانب سے مجوزہ میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام پر سنگین تحفظات کے بعد میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی پر قانون سازی کی حکومتی کوشش پوری قوت سے ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ن لیگ کے صدر میاں شہباز شریف سے آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی، کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز، پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن، ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ شرکا نے پی ایم ڈی اے کو میڈیا کا گلا گھونٹنے کی ایک سوچی سمجھی حکومتی سازش قرار دیا۔ اس موقع پر شہباز شریف نے پی ایم ڈی اے بل کے خلاف قومی اسمبلی سمیت ہر فورم پر بھرپور آواز اُٹھانے اور اس سلسلے میں اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کی جانب سے بھی حمایت کا یقین دلایا۔ شہبازشریف نے کہا کہ آزاد صحافت، جمہوریت و آئینی آزادیوں کیلئے مجوزہ میڈیا اتھارٹی کے قیام کا معاملہ زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ مجوزہ میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی پر پوری اپوزیشن کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ حکومت کے سوا پارلیمان میں کوئی بھی جماعت اس کالے قانون کی حمایت نہیں کرے گی۔