• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب حکومت عورتوں کیلئے بہتر ماحول بنائے پابندیاں نہ لگائے، شیریں مزاری


وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی اجلاس میں پنجاب کے پارکس میں عورتوں کی انٹری کے اوقات کار پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ عورتوں پر پابندی کے بجائے سنگل افراد کے داخلے پر پابندی لگائیں، عورتوں کیلئے بہتر ماحول بنائیں پابندیاں نہ لگائیں۔

سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی اجلاس میں مینار پاکستان میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کی ہراسمنٹ کیس پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، وزارت انسانی حقوق نے واقعے سے متعلق رپورٹ پیش کی۔

اس موقع پر وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ پنجاب حکومت عورتوں کیلئے بہتر ماحول بنائے پابندیاں نہ لگائے، عوامی مقامات پرعورتوں پر حملوں میں زیادہ یوتھ ملوث ہے،پارکوں میں عورتوں کیلئے وقت کا تعین تعجب والی بات ہے۔

چیئرمین کمیٹی ولید اقبال نے کہا کہ کمیٹی اس معاملے پر سفارشات دے گی۔

وزارت انسانی حقوق کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ وزارت ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں مانیٹر کرتی رہتی ہے، مینار پاکستان کا واقعہ 14 اگست کو پیش آیا، وزیر انسانی حقوق نے 17 اگست کو معاملے کا نوٹس لیا اور ایف آئی آر اندراج کو یقینی بنایا۔

رپورٹ کے مطابق مینار پاکستان واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا ہے،واقعےکی مزید تحقیقات کیلئے 4 خصوصی کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں،141 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا اور شناخت پریڈ کرائی جس میں عائشہ اکرم نہیں آئیں۔

رپورٹ میں مزیدبتایا گیاکہ ملوث ملزمان کی شناخت کیلئے کل ایک شناخت پریڈ ہوئی اس میں عائشہ اکرم خود آئی تھیں اور انہوں نے 6 افراد کو شناخت کیا جن کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

تازہ ترین