• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایم ڈی اے کے قیام کی حکومتی کوششوں کے خلاف کے یو جے کا تحریک چلانے کا فیصلہ


کراچی یونین آف جرنلسٹس نے پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی حکومتی کوششوں کیخلاف بھرپور تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں، سماجی و مزدور تنظیموں اور سول سوسائٹی کی حمایت بھی حاصل کی جائے گی۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کی مجلس عاملہ کا اجلاس قائم مقام صدر جاوید قریشی کی صدارت میں ہوا جس میں پی ایم ڈی اے پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی کی جانب سے اجلاس کو بتایا گیا کہ پی ایم ڈی اے کا مسودہ مئی میں کے یو جے کو ملا تھا، جس کا اردو ترجمہ کرا کے صحافی برادری کے لیے عام کیا گیا، تاکہ تمام عامل صحافی اس قانون کے مضمرات سے آگاہ ہوسکیں۔

اب اطلاعات مل رہی ہیں کہ حکومت نے اس میں بعض ترامیم کی ہیں اور اس ترامیم شدہ مسودے کو خفیہ رکھا جارہا ہے۔ لیکن یہ ترامیم پچھلے مسودے سے زیادہ مختلف نہیں ہیں اور یہ مسودہ آج بھی اتنا ہی خوفناک ہے جتنا پہلا مسودہ تھا۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ حکومت اس قانون کے ذریعے ملک میں ہر قسم کے میڈیا پر کنٹرول چاہتی ہے۔ یہ میڈیا ڈیولپمنٹ نہیں بلکہ میڈیا کنٹرولنگ اتھارٹی بنانے کی کوشش ہے جس کا مقصد حکومت اور اس کے اداروں پر تنقید کو روکنا ہے۔ 

اجلاس میں حکومتی افراد کے ان بیانات پر بھی ردعمل دیا گیا جس میں کہا جارہا ہے کہ اس قانون کے ذریعے عامل صحافی میڈیا مالکان کے خلاف کیسز کرسکیں گے۔ 

اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت صحافیوں کو تقسیم کرنے کے لیے انہیں بے  بنیاد لالچ دے رہی ہے۔ اجلاس میں پی ایم ڈی اے کو آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے پر نیا حملہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس کوشش سے باز رہے، بصورت دیگر ملک بھر کی صحافی برادری اس قانون کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک طرف اس قانون کو بننے سے روکنے کے لیے کراچی یونین آف جرنلسٹس ہر ممکن کوشش کرے گی اور زندگی کے تمام طبقوں سے وابستہ افراد سے رابطے کرکے ان سے پی ایم ڈی اے کی مخالفت کے لیے حمایت حاصل کی جائے گی۔

تازہ ترین