گڑھی خدا بخش، لاڑکانہ (بیورو رپورٹ ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاق صوبوں کو مزید اختیارات دے، معاشی بحران سے نکلنے کیلئے سیاسی بحران کا خاتمہ ضروری ہے، یہ کام صدر زرداری کرسکتے ہیں، شہید بے نظیر بھٹو کا آخری پیغام مفاہمت تھا، مفاہمت کی کامیابی کیلئے سیاسی انتہا پسندی کو چھوڑنا ہوگا،9مئی جیسے حملے، اداروں کو گالیاں دینا سیاست کے دائرے میں نہیں ہوتے، پاکستان سے شکست کے بعد فیلڈ مارشل کا نام سنتے ہی مودی چھپ جاتا ہے، صدر آصف علی زرداری نے کہا ہم نے فوج کا ایسا چیف بنایا جس نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، مودی شکر کرے دنیا نے اسے بچا لیا ورنہ سارے جہاز گرا دیتے،ایک بے وقوف نے ساڑھے چار سال میں سب سے تعلقات خراب اور معیشت تباہ کی مگر اب ہمارے تعلقات بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو گڑھی خدا بخش میں شہید محترمہ بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارت خود کو ہم سے 10 گنا بڑا ملک کہتا ہے مگر وہ ہمارا جیسا بہادر فیلڈ مارشل کہاں سے لائیگا، آج ٹرمپ بھی انکی تعریف کرتاہے ،کسی نے بھی جنگ مسلط کی تو ہمارا فیلڈ مارشل ناکوں چنے چبوا دیگا۔ہم کسی ملک سے لڑنا نہیں چاہتے لیکن کوئی ہمارے گریبان پر ہاتھ ڈالے گا تو ماریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی بی کی شہادت ہمیں تقسیم کرنے کا دن تھا مگر میں نے بے نظیر کی روح جو کہہ رہی تھی اُس کے مطابق پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قیامت تک قائم رہے گا کیونکہ ہماری فوج نے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بھارت کو ایسا منہ توڑ جواب دیا کہ انہیں معلوم ہوا یہ کھیل نہیں ہے اور مودی کو اندازہ ہوگیا کہ جنگ کھیل نہیں، پاکستان پاکستان ہے، ہم مسلمان اور شہادت کے متمنی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اگر دوبارہ کسی ملک نے بھی دیکھا تو یاد رکھے یہاں آصف زرداری، پیپلزپارٹی اور بھٹو صاحب کے وارث بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنگ کے میدان کیلئے تیار ہیں، ہتھیار اٹھائیں گے اور جانوں کی قربانی دیں گے، تم کیا مارو گے ہم تمھیں گولی ماریں گے، بھارت خود کو ہم سے دس گنا بڑا ملک کہتا ہے، مگر چار دن ٹانگیں کھڑی نہیں ہوسکیں۔ صدر زرداری نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ دل گردا کہاں سے لاؤ گے جو ہمارے فیلڈ مارشل، وزیراعظم، فضائیہ سربراہ کا ہے، اس کیلئے شہادت کی امید، دعا کرنی ہے، میں نے چار دن پہلے ہی بتادیا تھا کہ جنگ ہونی۔ قبل ازیں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مئی میں ہونے والی شکست کو بھارت ابھی تک ہضم نہیں کرپارہا، اب تو مودی ہمارے فیلڈ مارشل کا نام سن کر چھپ جاتا ہے۔ یہ جیت یقینا پورے پاکستان کی جیت ہے،اس جیت کے بعد پاکستان کو دنیا بھر میں قبولیت ملی،گڑھی خدابخش کی قربانیوں کے بغیر یہ جیت ناممکن ہوتی۔ جن طیاروں نے بھارتی طیاروں کو گرایا وہ صدر زرداری نے منگوائے تھے۔ سیاسی میدان میں پیپلز پارٹی نے صوبوں کے حقوق کا تحفظ کیا ،این ایف سی کے آئینی تحفظ کو بھی پیپلزپارٹی نے بچایا،آئینی عدالت کاقیام شہید بے نظیر بھٹو کا وعدہ تھا،آئینی عدالت میں تمام صوبوں سے برابری کی نمائندگی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال پاکستان کے چاروں صوبوں سے یہاں بڑی تعداد میں جمع ہوتے ہیں،یہاں سے پوری دنیا کو پیغام ہے کہ کل بھی بی بی زندہ تھیں آج بھی زندہ ہیں۔ آپ کی اس محبت اور ساتھ دینے پر ہم سب شکر گزار ہیں، اسی ساتھ اور محبت سے ہمیں طاقت ملتی ہے،اسی طاقت سے اسلام آباد میں آپ کے مسائل حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک سال کے دوران بڑی کامیابی یہ ہے کہ فوج اور قوم نے بھارت کو جنگ کے میدان میں شکست دی۔انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے چین سے وہ ہوائی جہاز منگوائے جنہوں نے بھارت کے 6 جہاز گرا کر کامیابی حاصل کی۔ شکست کے بعد تو مودی کسی بھی عالمی فورمز پر نہیں جارہا جبکہ ماضی میں وہ ان پلیٹ فارمز پر جاکر پاکستان کو بدنام کرتا تھا، یہ ہمارے افواج اور عوام کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی مسائل کسی سے ڈھکے چھپے نہیں،ملک میں سیاسی بحران بھی ہے،ہم ان بحرانوں سے مقابلہ کرکے پاکستان کو مسائل سے نکالیں گے۔