• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امارات، فوجی فاؤنڈیشن میں ایک ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گا، پاکستان پر 3 ارب ڈالر کا دباؤ کم ہوجائے گا، اسحاق ڈار

اسلام آباد ( اسرار خان) نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہونے والے ایک سرمایہ کاری معاہدے کے تحت فوجی فاؤنڈیشن گروپ کی اہم کمپنیوں میں اپنے حصص فروخت کرے گا، جس کے نتیجے پہلے سے لیے ہوئے 1 ارب ڈالر کی ادائیگی کی ذمہ داری ختم ہو جائے گی جبکہ 2 ارب ڈالر کے مزید واجب الادا قرضے کے رول اوور کا بھی قوی امکان ہے — جو ملک کی دباؤ کا شکار معیشت کے لیے ایک بڑی راحت ہو گی۔یہ معاہدہ حالیہ دورۂ پاکستان کے دوران یو اے ای کے صدر کے ساتھ طے پایا اور اسے قلیل مدتی قرضوں کے بجائے ایکویٹی یعنی شراکتی سرمایہ کاری پر مبنی معاونت کی جانب ایک اہم تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔اس انتظام کے تحت متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں رکھوائے گئے 1 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کو فوجی فاؤنڈیشن سے منسلک کمپنیوں کے حصص میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ لین دین کی تکمیل کے بعد یہ رقم پاکستان کے قرضوں کی کتاب سے خارج ہو جائے گی۔ یہ عمل 31 مارچ تک مکمل کیے جانے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔اسحاق ڈار کے مطابق اس حوالے سے ڈھانچے کی حتمی صورت طے کرنے کے لیے متعدد اجلاس ہو چکے ہیں اور بات چیت آخری مراحل میں ہے۔ ایک بار معاہدہ طے پا جانے کے بعد یہ رقم قرض شمار نہیں ہو گی جس سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر اور بیرونی ادائیگیوں پر دباؤ میں کمی آئے گی۔ایکویٹی معاہدے کے علاوہ پاکستان کو ابوظہبی کی طرف سے مزید مالی تعاون کی بھی تقریباً یقینی یقین دہانیاں حاصل ہو چکی ہیں۔ ڈار نے تصدیق کی کہ جنوری 2026 میں واجب الادا 2 ارب ڈالر کے ایک الگ قرض کے رول اوور کی بھی توقع ہے، جس کے لیے وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں اعلیٰ سطحی رابطے کیے گئے ہیں۔اسحاق ڈار نے یہ بھی تسلیم کیا کہ سعودی عرب اور چین کی جانب سے رکھے گئے اسٹیٹ ڈپازٹس بھی پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید