لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ تبدیلی کے نام پر آنے والی حکومت بھی تبدیلی نہیں لاسکی۔ تبدیلی وہ جماعت لاسکتی ہے جو ہر لحاظ سے مضبوط ہو ،حجاب عورت کا تاج زریں ہے۔ وزیراعظم عمران خان ناکامی اور ناامیدی کی باتیں کررہے ہیں، وہ مان گئے کہ تبدیلی لانا ان کے بس میں نہیں، انہوں نے ریاست مدینہ کے نام پر قوم سے دھوکا کیا۔مسلمان عورت کی آئیڈیل حضرت خدیجہؓ اور حضرت فاطمہؓ جیسی شخصیات ہیں۔ مغرب نے عورت کو کھلونا بنایا، اسلام نے عورت کو بلند مرتبہ پر فائزکیا۔ نظریہ پاکستان پر حملے ہو رہے ہیں، ہمارا فیملی نظام دشمنوں کے نشانے پر ہے، پاکستانی عورت آگے بڑھے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم حجاب کے سلسلے میں لاہور کےمقامی ہوٹل میں منعقدہ ’’تہذیب ہے حجاب‘‘کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا اہتمام جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی جانب سے کیا گیا تھا۔