بھارت میں مودی سرکار کے کسان مخالف قوانین کے خلاف ریاست اتر پردیش کے شہر مظفر نگر میں اتوار کو لاکھوں کسانوں نے احتجاجی ریلی نکالی۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ریلی میں پانچ لاکھ سے زیادہ افراد شریک تھے۔
اس موقع پر کسان رہنماؤں نے مودی سرکار کو کسان مخالف قوانین واپس نہ لینے کی صورت میں ریاستی انتخابات میں شکست کے لیے تیار رہنے کی وارننگ دے دی۔
مقامی پولیس کے مطابق ریلی میں پانچ لاکھ سے زائد کسان مظاہرین شریک ہوئے، کسان رہنماؤں نے ریاست اتر پردیش کے دیگر شہروں میں بھی احتجاجی ریلیاں منعقد کرنے اور 27 ستمبر کو ملگ گیر ہڑتال کا اعلان کیا۔
ریلیوں میں اگلے برس ہونے والے ریاستی انتخابات کے لیے مودی مخالف مہم چلانے کا اعلان بھی کیا گیا اور کہا گیا کہ ہم ہر شہر میں جائیں گے اور یہ پیغام پہنچائیں گے کہ مودی حکومت کسان دشمن ہے۔
مظفرنگر میں ہونے والی ریلی کو کسان احتجاج کے گزشتہ نو ماہ سے جاری احتجاج کے حوالے سے اب تک کی سب سے بڑی ریلی کہا جا رہا ہے۔
بھارت میں کسان مظاہرین تقریباً 9 ماہ سے دلی جانے والی اہم شاہراؤں پر احتجاج کر رہے ہیں اور مودی حکومت سے تین نئے زرعی قوانین کی منسوخی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔