• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خطے میں نیا بلاک بن سکتا ہے، اہم کردار ادا کریں گے، شیخ رشید

خطے میں نیا بلاک بن سکتا ہے، اہم کردار ادا کریں گے، شیخ رشید 


اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا امن اوراستحکام چاہتا ہے کیونکہ افغانستان میں استحکام ہمارااستحکام ہے، ہمارا اور افغانستان کا یہ عزم ہے کہ ہم اپنی سرزمین کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، جنرل فیض حمید کادورہ کابل خوش آئند ہے۔ 

اتوار کو پاک افغان طورخم سرحدپرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ نے کہاکہ دنیا کوافغانستان کے مسائل کوسمجھنے کی ضرورت ہے۔ ہندوستان کو بڑی شکست ہوئی ہے‘خطے میں تبدیلی آنے والی ہے‘ہوسکتا ہے کہ ایک نیا بلاک بھی بن جائے‘ہم اس خطے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

جنرل فیض حمید کے دورہ کابل سے بھارت کوتکلیف ہوئی ہے اوران کے ٹی وی چینل صبح سے لیکر شام تک اس دورے پرتبصرے کررہے ہیں‘اگرامریکا، قطر اوربرطانیہ کے حکام کابل گئے ہیں تو پاکستان کی عظیم ترین انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ کے دورے سے ان کوکیا تکلیف ہے۔

جنرل فیض حمید اگرکابل گئے ہیں تویہ اچھائی کی بات ہے۔شیخ رشید نے کہا ہے کہ وہ انڈیا کے بیانیے کو رد کرنے کے لیے یہاں آئے ہیں‘ طورخم پر کوئی پناہ گزین موجود نہیں ہیں اور نہ ہی کوئی کیمپ لگا ہوا ہے۔

شیخ رشید نے مستونگ واقعہ کو خودکش حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے گزشتہ 40 برس کے دوران افغانستان میں ٹریننگ کیمپس قائم کیے اور افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کو تیار کرنے میں اربوں روپے خرچ کیے۔ 

مستونگ حملے میں ٹی ٹی پی ، بی ایل ایف اور داعش کے ملوث ہونے کےبارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے ، خفیہ ادارے تحقیقات کررہے ہیں۔ شیخ رشید نے امریکا کا نام لئے بغیر کہاکہ اب یہ خطہ ہزاروں میل دور بیٹھے لوگوں کے دباؤسے نکلنے جارہا ہے۔

تازہ ترین