• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور،یوم دفاع پاکستان کے حوالےسے کار اور موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی

پشاور( وقائع نگار) تاجر انصاف خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام ہشت نگری چوک سے پشاور پریس کلب تک 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے کار اور موٹر سائیکل ریلی نکالی گئی ۔ ریلی کی قیادت تاجر انصاف خیبر پختونخوا کے صدر شاہد خان ‘ شاہ پور سلام ‘ شاہ پور سلام ‘ ولی محمد ‘ شاہد بلال ‘ گلریز ‘ حاجی افسر خان ‘ میاں سید باد شاہ ‘ اخون زادہ زاہد اللہ شاہ کر رہے تھے ۔ ریلی میں مختلف بازاروں کے صدور نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر تاجر انصاف شاہد خان نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن قومی جوش وجذبوں کی یاد تازہ کرنے اور وطن عزیز کی دفاع کے لئے اپنی جانیں بھی قربان کرنے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔6 ستمبر 1965 کو ہماری بہادر مسلح افواج نے پوری قوم کے ساتھ مل کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر اس دن کو ہمیشہ کے لئے حب الوطنی، قومی یکجہتی اور ہمت و بہادری کا ایک تاریخ ساز دن بنا دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ 6 ستمبر کا دن قوم کیلئے ایک تاریخی دن ہے جب ہمارے مسلح افواج نے دشمن پر واضح کردیا تھا کہ پاکستانی قوم اور اس کے مسلح افواج اپنی آزادی کی حفاظت کرنا بخوبی جانتے ہیں اور وطن عزیز کی سرحدوں کا دفاع کرنے کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کے دن مسلح افواج اور پاکستانی قوم کا جذبہ دیدنی تھا اور اسی جذبے کی بنیاد پر ہم نے تمام اندرونی اور بیرونی سازشوں کو شکست دے کر ملک کو ایک ناقابل تسخیر قوت بنا دیا ہے۔ بھارت اپنی ریاستی ظلم و جبر سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نہ پہلے دبا سکا ہے اور نہ آئندہ دبا سکے گا، مظلوم کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی ۔
تازہ ترین