• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی متنازع بل، نظرثانی کی جائے، پرویز الٰہی

لاہور(نمائندہ جنگ)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی متنازعہ بل ہے، اس پر نظرثانی کی جائے۔ میرا نہیں خیال کہ وزیراعظم عمران خان ایسے متنازعہ بل کی منظوری دیں گے۔ میڈیا کی آزادی پر کسی قسم کی بھی قدغن لگانا ہمارے اپنے مفاد میں نہیں۔ٹھنڈے دل سے حکومت اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو سمجھانا پڑے گا کہ بلدیاتی اور عام انتخابات دور نہیں۔ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے اس کی آزادی پر مکمل یقین رکھتے ہیں، میڈیا کی آزادی پاکستان کی ترقی کیلئے بھی بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کرنیوالے پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن، اے پی این ایس، سی پی این ای، پی ایف یو جے اور پی یو جے سمیت تمام نمائندہ صحافتی تنظیموں کے رہنمائوں سےگفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، میر ابراہیم، میاں عامر محمود، چودھری عبدالرحمٰن، کاظم خان، ایاز خان، مجیب الرحمٰن شامی، سلیم بخاری، سرمد علی، شکیل مسعود، رانا عظیم، محمد عثمان، شہزاد بٹ، ایاز شجاع، ذوالفقار مہتو، میاں طاہر اور نوشاد علی بھی شریک تھے۔

تازہ ترین