وارسا(جنگ نیوز )یورپی کمیشن نے یورپی عدالت برائے انصاف سے پولینڈ پر جرمانہ عائد کرنے کے سلسلے میں رجوع کیا ہے۔ پولینڈ میں 2018 میں ایک عدالتی چیمبر قائم کیا گیا تھا، جس کے پاس کسی بھی جج کو برطرف کرنےکا اختیار تھا۔ تاہم یورپی یونین اسے پولینڈ میں عدلیہ کی خودمختاری اور آزادی کے خلاف تصور کرتی ہے۔ رواں برس جولائی میں اعلیٰ ترین یورپی عدالت نے پولینڈ کی سپریم کورٹ میں انضباطی چیمبر کو یورپی قوانین سے متصادم قرار دیا تھا۔ یورپی کمیشن کی صدر اورزلا فان ڈیئر لائن نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ یورپی یونین کے تمام ممالک میں آزاد اور شفاف عدالتی نظام لازمی ہے۔