افغانستان میں طالبان کی حکومت سازی کے اعلان کے بعد یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل نے روس اور ایران کے صدور سے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے۔
اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹوئٹر پر جاری علیحدہ علیحدہ پیغامات میں انہوں نے بتایا کہ افغانستان میں سامنے آنے والی تازہ ترین صورتحال پر ان کی دونوں صدور سے بات ہوئی ہے۔
روسی صدر سے گفتگو میں انہوں نے تازہ ڈیولپمنٹ کے افغانستان اور اس سے باہر اثرات پر گفتگو کی ہے کیونکہ 'ای یو اور روس دونوں میں علاقائی استحکام میں دلچسپی قدر مشترک ہے'۔
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی سے گفتگو کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ان سے افغانستان کے علاوہ ایران نیوکلیئر ڈیل پر مذاکرات کی فوری بحالی کے لیے تبادلہ خیال کیا ہے، کیونکہ بین الاقوامی کمیونٹی افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایک ہمسائے کے طور پر ایران نے افغان مہاجرین کو سنبھالا دینے کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔