جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے رہنما اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللّٰہ نے چیئرمین پیپلز پارٹی پر سوال اٹھایا ہے کہ بلاول اپوزیشن کی اپوزیشن ہیں یاحکومت کی اپوزیشن ہیں؟
ایک بیان کے ذریعے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر پی پی رہنماؤں کے بیانات پر حافظ حمد اللّٰہ نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن و دیگر قیادت نے ہمیشہ کٹھ پتلی عمران خان اور ان کی حکومت کی اپوزیشن کی ہے۔
حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ہمیشہ حکومت کی اپوزیشن کی ہے، اپوزیشن کی اپوزیشن نہیں کی۔
رہنما جے یو آئی نے کہا کہ جب سے پیپلز پارٹی پی ڈی ایم سے الگ ہوئی ہے، بلاول بھٹو کے ساتھیوں کا ہدف پی ڈی ایم قیادت ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ بلاول بھٹو زرداری کی پی ڈی ایم پر تنقید کیا حکومت اور اس کے سہولت کاروں کی سہولت کاری نہیں؟
پی ڈی ایم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آج بھی پیپلز پارٹی کے لیے پی ڈی ایم کے دروازے کھلے ہیں۔
حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی پی ڈی ایم میں آنا چاہتی ہے تو جن معاہدوں سے انحراف کیا ہے ان کا ازالہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری پارٹی سے سینیٹ میں ووٹ لینے پر سوال تو بنتا ہے۔
رہنما جے یو آئی کا کہنا ہے کہ امید ہے کہ بلاول بھٹو زرداری سنجیدہ سیاست کرتے ہوئے کٹھ پتلی حکومت کے خلاف تیر چلائیں گے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اپوزیشن کے خلاف تیر چلانے میں بلاول بھٹو زرداری کو کچھ بھی فائدہ حاصل نہیں ہو گا۔
حافظ حمد اللّٰہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے اپوزیشن پر تیر چلانا، الٹا اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے کے مترادف ہے۔