• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت،الیکشن کمیشن تصادم، ایسے اداروں کو آگ لگادیں، سینیٹ کمیٹی میں اعظم سواتی کے چیف الیکشن کمشنر پر سنگین الزامات، کمیشن ارکان کا واک آؤٹ

حکومت،الیکشن کمیشن تصادم


اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر حکومت اور الیکشن کمیشن میں تصادم کی صورتحال پیداہوگئی ‘سینیٹ قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور میں وفاقی وزیر اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر یلغار کردی اورچیف الیکشن کمشنر پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن حکومت کا مذاق اڑا رہا ہے اس نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں‘ آپ جہنم میں جائیں‘ایسے اداروں کو آگ لگادیں‘الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا ضامن ہے‘الیکشن کمیشن ہمیشہ دھاندلی کرتا رہا ہےجبکہ مشیرپارلیمانی امور ڈاکٹربابراعوان کا کہناتھاکہ الیکشن کمیشن اپنی مرضی نہیں چلاسکتا‘ وہ قانون سے اوپرنہیں‘الیکشن کمیشن اپنی سفارشات دے سکتا ہے، اعتراضات نہیں۔سینیٹر اعظم سواتی کے الزامات پر الیکشن کمیشن حکام کمیٹی اجلاس سے واک آوٹ کرگئے تو سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آئین سے الیکشن کمیشن کو نکال دیں، حکومت خود الیکشن کرائے۔ اجلاس میں چیئرمین کمیٹی سینیٹر تاج حیدر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے ای وی ایم کے معاملے پر خط لکھا ہے جس ادارے کے قانون پر تحفظات، اعتراضات ہیں اس کو سنا جائے۔ اس موقع پر مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا کہ ایک ادارے کے مؤقف پر حکومت کا مؤقف بھی آنا چاہیے، اس ادارے کا مینڈیٹ آئین کے مطابق صاف شفاف الیکشن کرانا ہے‘بابر اعوان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے یہ نہیں بتایا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے سیکریسی کی پامالی کیسے ہوگی؟ سب سے زیادہ دھاندلی ڈسکہ میں ہوئی جس میں آر اوز کہیں چلے گئے تھے، ای وی ایم میں ایک نظام ہے جس سے سب کو سامنے گنتی ملے گی،کوئی اس میں ٹیمپر نہیں کرسکتا، مشین کونسی ہو اس سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، الیکشن کمیشن فیصلہ کرےگا، وزارت نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا کہ اپنا بجٹ مطالبہ بتائیں مگر الیکشن کمیشن نے جواب نہیں دیا۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ جب سے الیکشن کمیشن با اختیار ہوا ہے انہیں تکلیف ہورہی ہے۔ اس موقع پر سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پر الزام بھی بہت سخت لگایا گیا ہے، اعظم سواتی بتائیں کہ الیکشن کمیشن نے کس سے پیسے لیے ہیں؟کیا الیکشن کمیشن نے ن لیگ یا پیپلزپارٹی سے پیسے لیے ہیں؟وزیر مملکت علی محمد خان اورکامران مرتضیٰ الیکشن کمیشن حکام کو منانے گئے تو اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال نے کہا کہ وزرا نے گزشتہ روز ایوان صدرمیں اجلاس میں بھی بدتمیزی کی، آج کمیٹی اجلاس میں سنگین الزامات لگائے گئے، ایسے ماحول میں اجلاس میں شرکت نہیں کرسکتے، وزرا کے رویے سے چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کریں گے۔بعد ازاں الیکشن کمیشن کا وفد قائمہ کمیٹی اجلاس چھوڑ کر پارلیمنٹ ہاؤس سے روانہ ہوگیا ۔ 

تازہ ترین