ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولائن لیویٹ نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ سیز فائر کے لیے کوئی ڈیڈ لائن طے نہیں کی، وقت کا تعین خود کمانڈر ان چیف کریں گے۔ ایران کو افزودہ یورنیم لازمی حوالے کرنا ہوگی۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹرمپ ایران کو متفقہ تجاویز کے لیے چند دن کا وقت دے رہے ہیں، اس دوران عارضی جنگ بندی برقرار رہ سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی سے مطمئن ہیں۔
کیرولائن لیویٹ کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے دو جہازوں کو تحویل میں لینے کو صدر ٹرمپ جنگ بندی کی خلاف ورزی نہیں سمجھتے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے زیر تحویل دونوں جہاز نہ امریکی ہیں اور نہ ہی اسرائیل کے بلکہ بین الاقوامی ہیں۔
ترجمان وائٹ ہاؤس نے دعویٰ کیا کہ ایران کی قیادت تقسیم کا شکار ہے، صدر ٹرمپ متفقہ رد عمل چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کی معاشی دباؤ مہم کامیاب رہی۔ ایران اس وقت اپنے ملازمین کو تنخواہیں دینے کی پوزیشن میں بھی نہیں۔