• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا الیکشن کمیشن پر قبضہ کرکے دھاندلی کا منصوبہ ہے، اپوزیشن

حکومت کا الیکشن کمیشن پر قبضہ کرکے دھاندلی کا منصوبہ ہے، اپوزیشن


لاہور، اسلام آباد (نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں) اپوزیشن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو دھمکانے کا رویہ دہشت گردانہ ہے،حکومت معافی مانگے،حکومت کا ایک آئینی ادارے پر پیسے پکڑنے کا الزام لگانا قابل شرم ہے، جھوٹے الزامات لگانا اس حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے، حکومت کے پاس صرف دھمکیاں اور الزامات، الیکشن کمیشن پر قبضہ کرکے دھاندلی کا منصوبہ ہے، یہ کسی بھی ادارے پر حملہ کرسکتے ہیں، شہباز شریف نے کہا کہ حکومتی رویہ ہے، مریم نواز نے کہا کہ حکومت پورے ادارے کو آگ لگانے کی دھمکی دے رہی ہے، جسے پوچھنے والا کوئی نہیں؟ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن پر قبضہ کرکے دھاندلی کا منصوبہ بنایا ہے،غیر آئینی طریقے سے الیکشن منظور نہیں، احسن اقبال نے کہا کہ وزیر کا بیان ہٹلر والا ہے، شیری رحمٰن نے کہا کہ حکومت پیسے دینے کا ثبوت لائے یا معافی مانگے، نواز کھوکھراور نیئر بخاری نے کہا کہ حکومت کا ایک آئینی ادارےپر پیسے پکڑنے کا الزام شرمناک ہے، حکومت کا گھٹیا سلوک ہے، حمد اللہ نے کہا وزیر کا الزام ادارے پر ہرزہ سرائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر حکومت کے پاس دلیل نہیں دھمکی ہے ، ثابت ہوگیا کہ حکومت کے پاس الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر اٹھنے والے فنی و تکنیکی سوالات کا کوئی جواب نہیں۔ ان خیالات کااظہار شہبازشریف نے جمعہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر حکومت کے پاس دلیل نہیں دھمکی ہے، ثابت ہوگیا کہ حکومت کے پاس الیکڑانک ووٹنگ مشین پر اٹھنے والے فنی و تکنیکی سوالات کا کوئی جواب نہیں ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے الیکڑانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے ٹھوس اور واضح فنی، تکنیکی اور قانونی اعتراضات کئے ہیں، شفافیت کے مسائل کی نشاندہی کی ہے جن کا حکومت کے پاس کوئی جواب نہیں ،پہلے پارلیمان میں قانون سازی کو بلڈوز کیاگیا اور آج حکومتی رویے پر الیکشن کمیشن کے نمائندوں کو واک آٹ کرنا پڑا ،وزرا کی اداروں کو آگ لگانے، ان کے جہنم میں جانے کی گفتگو ریاست دشمن رویہ ہے ،۔جو حکومت کمیٹی اجلاس میں ارکان کے سوالات پر معقول جواب نہ دے پائے، اس کی قانوں سازی اور دعووں پر کیسے یقین کیا جاسکتا ہے۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت الیکشن کمیشن کو آگ لگانے کی دھمکی دے رہی ہے اور پوچھنے والا کوئی نہیں ہے، ہم نے اداروں پر نہیں صرف ان میں چھپے منفی کرداروں پر تنقید کی ہے لیکن یہاں حکومت پورے ادارے کو آگ لگانے کی دھمکی دے رہی ہے اور پوچھنے والا کوئی نہیں۔پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت الیکشن کمیشن اور اسکے جائز اعتراضات کا دلیل سے جواب دینے کے بجائے حکومت گھٹیا الزامات پر اتر آئی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک کے وہ ادارے جو انگلیوں پر ناچنے سے انکار کر دیں تحریک انصاف ان کی ساکھ تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ یہ حکومت طاقت اور دھونس کے بل بوتے پر ملک سے اختلاف رائے ختم کرنا چاہتی ہے جو اسکی فسطائی سوچ کا مظہر ہے۔167 جمہوری ممالک میں سے صرف 8 میں الیکٹرانک ووٹنگ ہوتی ہے 11 ممالک نے تجرباتی بنیادوں پر الیکٹرانک ووٹنگ شروع کی لیکن پھر اسے ترک کر دیا۔

تازہ ترین