ملتان (نمائندہ جنگ) ادارہ شماریات پاکستان نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، 9ستمبر 2021ء کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتہ کے دوران مہنگائی کی شرح 13.64فیصد ہوگئی جبکہ گزشتہ ہفتہ کے مقابلہ میں یہ شرح 1.37 فیصد بڑھ گئی،گھی،کوکنگ آئل،دودھ،چکن سمیت 24اشیاء مزید مہنگی ہوگئیں،چینی، کیلا، ایل پی جی سلنڈر، دال مونگ، چاول اری کی قیمتوں میں کمی ، 22 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا، ملک کے 17بڑے شہروں سے 51 اشیاء کی قیمتوں کاتقابلی جائزہ لیاگیا جس کے مطابق 24 اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ، 5 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 22 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ا س ہفتہ کے دوران ملک میں چکن زندہ، پیاز، لہسن، دال مسور، ٹماٹر، انڈہ، آٹا، آلو، ویجیٹیبل گھی، کوکنگ آئل، واشنگ سوپ، بیف، دال چنا،گڑ، دال ماش،گھی (کھلا)، چائے کا کپ، بیف پلیٹ، خوردنی تیل، دودھ (تازہ)، چاول باسمتی (ٹوٹا)، دہی، خشک دودھ اور مٹن کی قیمتوں میں اضا فہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ چینی، کیلا، ایل پی جی (سلنڈر)، دال مونگ، چاول اری6/9 کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔