کراچی(سید محمد عسکری اسٹاف رپورٹر) چیرمین سندھ ہائرایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر عاصم حسین نے کراچی اور سکھر بورڈ میں لاڑکانہ بورڈ کے جونیر افسران کو کنٹرولر مقرر کرنے پر اہم حکومتی شخصیات سے رابطہ کرکے یہ اقدام واپس لینے پر زور دیا ہے۔ ڈاکٹر عاصم نے جنگ کو بتایا کہ سندھ ایسے وقت میں جب امتحانات ہوچکے ہیں نتائج کی تیاری کاکام جاری ہے باہر کے بورڈ سے جنونیئر افسران کو کنٹرولر لگانے سے غلط پیغام جائے گا اور نتائج پر شکوک و شبہات جنم لیں گے چنانچہ اس اقدام کو واپس لیا جائے، چئیرمین، ناظم امتحانات اور سیکریٹریز مستقل بنیادوں پر تلاش کمیٹی کے تحت میرٹ پر تعینات ہونے چاہییں۔ انھوں نے کہا سندھ حکومت کی اہم شخصیات کو یہ باور کرایا ہے کہ اس طرح کے اقدامات کرکے سندھ کے تعلیمی بورڈز تباہ نہ کیے جائیں۔